بائیو میٹرک اور دیگر تکنیکی مسائل رکاوٹ ، وزیر سرینواس یادو کا بیان
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) وزیر برائے افزائش مویشیاں، سمکیات، فروغ ڈیری اور سینیماٹوگرافی تلنگانہ ٹی۔سرینواس یادو نے جمعہ کے روز کہا کہ جی ایچ ایم سی کے دائرے میں آنے والی تمام راشن کی دکانوں کو اندرون دو دن سفید راشن کارڈ رکھنے والوں کو چاول کی فراہمی عمل میں آئے گی۔ وزیر نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لئے غریب عوام کو فی کس 12 کلو چاول تقسیم کر رہی ہے۔ شہر میں جملہ 674 راشن کی دکانیں موجود ہیں جن میں 5.80 لاکھ کارڈ رکھنے والے ہیں۔ پہلے 2 دنوں میں 67 دکانوں میں چاول کی تقسیم کا کام عمل میں لایا گیا۔ اور جمعہ کے 240 راشن کی دکانوں میں چاول کی تقسیم کا کام کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کہیں بھی راشن کارڈ ہولڈرز کو پورٹیبلٹی فراہم کرنے کے نتیجے اس سے استفادہ ہونے والوں کی تعداد میں راشن شاپس، بائیو میٹرک میں خلل اور دیگر تکنیکی مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام دکانوں میں چاول کی تقسیم کے لئے اقدامات کرے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ لوگ صورتحال کو سمجھیں اور اپنے علاقے میں چاول لیں۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈ رکھنے والوں کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے، حکومت ہر ایک کو چاول دستیاب کرانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ سیول سپلائی کمشنر، چیئرمین اور حیدرآباد سی آر او کے ہمراہ بات چیت کی گئی ہے ۔