تمام سیاسی پارٹیاں مدد کے لیے آگے آئیں: اوڈیشہ ٹرین حادثے پر کانگریس صدر کھرگے نے دیا بیان

   

نئی دہلی:اوڈیشہ کے بالاسور میں کورومنڈیل ایکسپریس ٹرین حادثے میں مرنے والوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جمعہ کی رات دیر گئے تین ٹرینوں کے تصادم کے بعد ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مختلف سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے آئیں اور متاثرین کی مدد کریں۔ کھرگے نے کہا کہ میں تمام فریقوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور زخمیوں کی مدد کریں اوڈیشہ کے بالاسور میں جمعہ کی دیر رات تین ٹرینوں کے تصادم میں کم از کم 261 لوگوں کی موت ہو گئی۔ 900 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اس خوفناک حادثے میں بنگلورو-ہاؤڑا سپر فاسٹ ایکسپریس، شالیمار-چنئی سنٹرل کورومنڈیل ایکسپریس اور ایک مال ٹرین شامل تھی۔ یہ حادثہ گزشتہ دو دہائیوں میں ہونے والے سب سے مہلک ٹرین حادثات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔