تمام شکایات ’دلی مترا‘ ایپ کے ذریعہ حل کی جائیں گی : ریکھا

   

نئی دہلی۔ 19 اگست (یواین آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کو کہا کہ اب لوگوں کی تمام شکایات ’دلی میتر ایپ ۔ پبلک گریونس ریزولوشن‘سسٹم کے ذریعہ دور کی جائیں گی۔ گپتا نے آج کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ حکمرانی میں شفافیت، جوابدہی اور بروقت خدمات کو یقینی بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ دہلی حکومت، دہلی پولیس، میونسپل کارپوریشن سمیت تمام محکموں سے متعلق شکایات اس ایپ کے ذریعہ حل کی جائیں گی۔ شکایات کو ہر حال میں دور کرنے کے لیے سسٹم کو بہت مضبوط بنایا گیا ہے اور مانیٹرنگ کا ٹھوس نظام بنایا گیا ہے ۔ یہ فیصلہ دہلی حکومت کی کابینہ کی میٹنگ میں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ دہلی حکومت کی ترجیح شہریوں کے مسائل کو آسان اور فوری طریقہ سے حل کرنا ہے ۔ ہماری حکومت اب کاغذی کارروائی کے بجائے حقیقی معنوں میں مسئلے کو حل کرنا چاہتی ہے ۔ شکایات کے حل کو ڈیجیٹل کرنے کا فائدہ یہ ہوگا کہ اس کی ہر سطح پر نگرانی کی جائے گی اور اس کے حل ہونے تک سینئر افسران اس پر نظر رکھیں گے ۔ اس مقصد کے لیے ایک مربوط پلیٹ فارم، جس کا نام دلی میتراہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی کے لوگ اب اس آن لائن سنگل ونڈو کے ذریعے ویب پورٹل، موبائل ایپلیکیشن، واٹس ایپ اور کال سینٹر سمیت چار آسان ذرائع سے اپنی شکایات درج کر سکیں گے ۔