تمام طبقات کی بھلائی و ترقی بی آر ایس کا مقصد

   

کانگریس کارکنوں کی بی آر ایس میں شمولیت، جناب محمود علی کا خطاب

حیدرآباد۔/2 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ بی آر ایس حقیقی معنوں میں سیکولر پارٹی ہے جس میں تمام مذاہب کی ترقی اور بہبود کیلئے مساعی کی جاتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں میں تلنگانہ کی مثالی ترقی نے ملک بھر کی توجہ تلنگانہ کی طرف مرکوز کردی ہے۔ وزیر داخلہ پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے کانگریس اور دیگر پارٹیوں کی مہیلا کارکنوں کا استقبال کررہے تھے جنہوں نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ نمائندہ کارپوریٹر رضا علی مرزا کی قیادت میں مہیلا کارکنوں نے شمولیت اختیار کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ میں سیکولرازم اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا ماحول ہے۔ 2014 سے قبل غریبوں کو محض 200 روپئے وظیفہ دیا جاتا تھا لیکن کے سی آر نے بیواؤں اور ضعیف العمر افراد کیلئے ماہانہ 2016 روپئے وظیفہ مقرر کیا ہے۔ جسمانی معذورین کیلئے 4016 روپئے وظیفہ مقرر کیا گیا۔ گجرات ماڈل کو ناکام قرار دیتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ گجرات میں بجلی اور پانی کا بحران ہے اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کو ملک کی دیگر ریاستوں میں مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی اور بھلائی کی تلنگانہ اسکیمات کی مثال کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ر