پارٹی کے تنظیمی انتخابات کیلئے سنگاریڈی میں کارکنوں کا مشاورتی اجلاس‘ ڈی نرسمہا، جگاریڈی و دیگر کا خطاب
سنگاریڈی۔ 12؍اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ملک کی سب سے قدیم اور سیکولر سیاسی جماعت انڈین نیشنل کانگریس نے ہمیشہ تمام طبقات کی ترقی اور غریب عوام کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اسی سلسلے میں آج سنگاریڈی ضلع میں کانگریس پارٹی کے ضلع صدر (ڈی سی سی) کے انتخابی عمل کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے اس سلسلے میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے آبزرور جنرل نے سنگاریڈی میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کے دوران امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئیں اور آئندہ تنظیمی انتخابات کے لیے رہنما اصول طے کیے گئے اس موقع پر وزیر دامودر راج نرسمہا، ٹی پی سی سی ورکنگ صدر جگا ریڈی، رکن پارلیمنٹ سریش شیٹکر، اور جوکل کے ایم ایل اے لکشمی کانتھ راؤ نرملا جگا ریڈی چیئرمین انڈسٹریز تلنگانہ بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ضلع بھر کے مختلف بلاکوں اور منڈلوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی آبزرور جنرل نے واضح کیا کہ کانگریس پارٹی میں ضلع صدر کا انتخاب مکمل طور پر شفاف اور جمہوری عمل کے ذریعے کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی سرگرم پارٹی کارکن کو اس عہدے کے لیے درخواست دینے کا موقع حاصل ہے۔ پارٹی اس عمل میں صرف کارکنوں کی نہیں بلکہ رضاکار تنظیموں، سماجی طبقات اور مختلف برادریوں کی رائے کو بھی شامل کرے گی تاکہ قیادت ہر طبقے کی نمائندگی کرے انہوں نے بتایا کہ 20 اکتوبر تک ضلع کے تمام اسمبلی حلقوں کا دورہ کیا جائے گا۔ اس دوران کارکنوں، قائدین اور عوامی نمائندوں سے مشاورت کے بعد اے آئی سی سی کو تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے گی، جس کی بنیاد پر نئے ضلع صدر کا انتخاب عمل میں آئے گا پارٹی ذرائع کے مطابق، ضلع صدر کے انتخاب کے بعد منڈل، بلاک اور پی اے سی کمیٹیوں کی ازسرِنو تشکیل عمل میں لائی جائے گی تاکہ کانگریس کو تنظیمی طور پر مزید مضبوط اور فعال بنایا جا سکے۔