تمام طبقات کی یکساں ترقی کیلئے کے سی آر کے اقدامات

   

احاطہ اسمبلی میں چیف منسٹر کی سالگرہ، مختلف تقاریر میں اسپیکر ، صدر نشین کونسل اور وزراء کی شرکت
حیدرآباد ۔17۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی 66 ویں سالگرہ کے موقع پر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کی جانب سے مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی ، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے اپنے افراد خاندان کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔ ریاستی وزیر امور مقننہ ایم پرشانت ریڈی ، چیف وہپ ، گورنمنٹ وہپس ، ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ سکریٹری لیجسلیچر ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو نے تقاریب میں حصہ لیا۔ اسپیکر کے چیمبر میں کیک کاٹا گیا۔ بعد میں اسمبلی اور کونسل میں خدمات انجام دینے والے 280 درجہ چہارم ملازمین نے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے اپنی شریک حیات پشپا کے ہمراہ نئے ملبوسات بطور تحفہ پیش کئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ کے سی آر نے غریبوں ، پسماندہ طبقات اور کسانوں کی بھلائی کے اقدامات کئے ہیں۔ کے سی آر ان طبقات کے دلوں میں جگہ بنا چکے ہیں ۔ چیف منسٹر کی سالگرہ کو عوام ریاست بھر میں جشن کے طور پر منارہے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر ریاست بھر میں شجرکاری مہم کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ماحولیات کے تحفظ میں یہ مہم مددگار ثابت ہوگی۔ اسپیکر نے کہا کہ کے سی آر کی حکمرانی ملک کے لئے ایک مثال ہے ۔ غریب خاندان آج اپنے گھر کے بڑے فرزند کی سالگرہ منارہے ہیں۔ پوچارم سرینواس ریڈی نے چیف منسٹر کی صحت اور درازی عمر کی دعاء کی ۔ اس موقع پر اسمبلی کی ڈائری 2020 اور ارکان اسمبلی کے بائیوڈاٹا پر مشتمل کتاب کی رسم اجراء انجام دی گئی ۔ اسپیکر اور صدرنشین کونسل نے اسمبلی کے احاطہ میں قائم کردہ جم کا افتتاح کیا۔ تقاریب میں نائب صدرنشین قانون ساز کونسل این ودیا ساگر ، چیف وہپ ڈی ونئے بھاسکر ، ڈی وینکٹیشورلو ، گورنمنٹ وہپ کے دامودر ریڈی ، ارکان مقننہ رام چندر راؤ ، ٹی چنپا ریڈی ، بی لکشمی نارائنا ، فاروق حسین ، راج شیکھر راؤ اور دوسرے شریک تھے۔