تمام غریبوں کو تعمیر امکنہ کیلئے اراضیات دینے کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

ظہیرآباد میں آر ڈی او دفتر کے روبرو سی پی آئی کی ریالی، سید جلال ای ٹی نرسمہا و دیگر کا خطاب

ظہیرآباد۔ یکم مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جب تک بے گھر مستحق غریب عوام کو امکنہ اراضیات کے سرٹیفکیٹس اور مکان بنانے کیلئے قرضہ جات حکومت کی جانب سے جاری نہیں کئے جاتے تب تک ہم اپنے مطالبات سے ذرا بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار سی پی آئی ظہیرآباد کی جانب سے عیدگاہ ظہیرآباد سے نکالی گئی ریالی کے آرڈی او دفتر پہنچنے پر احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے سی پی آئی جنرل سکریٹری ضلع سنگاریڈی سید جلال الدین نے کیا ۔ سی پی آئی کی قومی ایگزیکٹو کے رکن ای ٹی نرسمہا نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کی پیشرو حکومت ریاست میں 10 سال تک اقتدار میں تھی اور امید کی جارہی تھی کہ تمام مستحق افراد کو ڈبل بیڈ روم مکاناٹ الاٹ کئے جائیں گے لیکن صرف برائے نام چند افراد کو ہی ڈبل بیڈ روم مکانات الاٹ کئے گئے جب کہ الاٹمنٹ میں مستحق بے گھر غریبوں کو بری طرح نظر انداز کر دیا گیا۔ انہوں نے کانگریس حکومت کی جانب سے دی گئی چھ ضمانتوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی بسوں میں خواتین کے لئے مفت سفر کی سہولت، 500 روپئے میں گیاس سلنڈر کی سربراہی ، 200 یونٹ تک مفت برقی کی سہولت پر مکمل عمل آوری ہونی چاہئے جب کہ مستحقین کو گھر بنانے کے لئے مالی امداد کی اجرائی بھی عمل میں لانی ہوگی ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بیگھر خاندانوں کو گھر کی تعمیر کے لئے نہ صرف پلاٹس دے بلکہ رقم کی اجرائی بھی عمل میں لائے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بے گھر خاندان انتہائی مہنگائی کے دور میں بھی کرائے کے مکانوں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تو صورتحال یہ ہے کہ خاندان بڑھنے کے باوجود بھی چھوٹے چھوٹے گھروں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے تمام غریبوں کو تعمیر امکنہ کیلئے اراضیات دینے کا ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا بصورت دیگر افتادہ سرکاری اراضیات پر کمیونسٹ پارٹی قبضہ کرتے ہوئے سرخ جھنڈیوں کے ساتھ عارضی جھونپڑیوں کی تنصیب عمل میں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی کی جانب سے متعدد مرتبہ ایم آر او ، آر ڈی او، ضلع کلکٹر اور ضلع انچارج وزراء کو اس ضمن میں کئی مرتبہ یادداشتیں حوالے کی گئی تھیں لیکن افسوس کہ ان پر مثبت کارروائی کرنے کے بجائے انہیں برفدان کی نذر کردیا گیا ۔ بعد ازیں آر ڈی او دفتر کے سینئر اسسٹنٹ سبھاش کو سی پی آئی کی جانب سے یادداشت حوالے کی گئی۔اس موقع پر تلنگانہ کے روایتی گلوکار نرسمہا، محمد اظہرالدین ، آنند ، محبوب خان، اشوک ، روبینہ بیگم ، چرنجیوی، سید تاج الدین ، نرسملو، محمد خواجہ ، سید لطیف ، محمد یاسین ، محمد عزیز ، اشوا راجو ، شنکر ،شاہین بیگم ، مدھو مالا ، لکشمی کے علاوہ خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔