تمام محکموں میں پروموشن کا عمل مکمل کیا جائے

   

چیف سکریٹری کی ہدایت، آمدنی میں اضافہ کے اقدامات
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے سرکاری محکمہ جات کے تمام سکریٹریز اور ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کو ہدایت دی ہے کہ سکریٹریٹ اور اضلاع میں تمام کیڈر کے عہدیداروں اور ملازمین کے پروموشن کو فوری طور پر قطعیت دیں ۔ جاریہ ماہ کے اختتام تک پروموشن کا عمل مکمل کرلیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک کی ترقی کا عمل رکنا نہیں چاہیئے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے سال نو کے موقع پر سینئر آئی اے ایس عہدیداروں کے ساتھ تقریب میں حصہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر ملازمین سرکار سے اپیل کی کہ وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ترقی اور بھلائی سے متعلق نشانوں کی تکمیل کیلئے دلجوئی سے کام کریں۔ ایسے وقت جبکہ جاریہ مالیاتی سال کے اختتام کیلئے تین ماہ باقی ہیں چیف سکریٹری نے اکسائیز، کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹس کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ٹیکسوں کی وصولی میں بہتری پیدا کریں۔ دونوں محکمہ جات کے عہدیداروں نے سومیش کمار سے ملاقات کی۔ سومیش کمار نے کہا کہ ریاست کی آمدنی میں اضافہ کیلئے دونوں محکمہ جات کی مساعی قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف محکمہ جات میں 131 عہدوں کی منظوری دی ہے اس کے علاوہ 14 نئے اکسائیز اسٹیشن منظور کئے گئے۔ کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں 161 عہدوں کی منظوری دی گئی۔