تمام محکموں کے عہدیداروں و عملے کو عوام کی خدمت کیلئے دستیاب رہنے کی ہدایت

   

غیرحاضری پر سخت کاررو ائی کا انتباہ ، نظام آباد کے مختلف دیہاتوں کا کلکٹر کا معائنہ

نظام آباد۔ 13 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر مسٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے شدید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر تمام محکموں کے عہدیداروں اور عملے کو سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے اپنے اپنے دفاتر اور مقاماتِ پر عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت دستیاب رہیں بصورتِ دیگر غیر حاضری پر کارروائی کرنے کا انتباہ دیا کلکٹر مسٹر ونئے کرشنا ریڈی نے آج اچانک نظام آباد رورل منڈل کے ترمن پلی اور پالدا دیہات کا معائنہ کیا۔ ترمن پلی کسان پلیٹ فارم پہنچنے پر زرعی توسیع افسر (AEO) کے غیر موجود ہونے اور پلیٹ فارم مقفل ہونے کے ساتھ کسانوں کے باہر انتظار کرنے پر انہوں نے برہمی کا اظہار کیا اور ضلع زرعی عہدیدار گوند کو فون پر طلب کیا۔ بعد ازاں AEO کے پہنچنے پر کلکٹر نے دریافت کہ واضح احکامات کے باوجود عوام کے لیے دستیاب نہ رہنے پر ناراضگی ظاہر کی۔کلکٹر نے ترمن پلی پرائمری ہیلتھ سنٹر کا بھی معائنہ کیا اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو بہتر علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں پالدا گاؤں کے سرکاری پرائمری اسکول کا دورہ کرتے ہوئے کچن میں طلبہ کے لیے تیار ہونے والے مڈ ڈے میل کے معیار کا معائنہ کیا اور مینو کے مطابق معیاری و غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنے کی تاکید کی۔ کلکٹر نے واضح کیا کہ کسی بھی مقام پر کھاد کی قلت پیدا نہ ہو اس کے لیے منصوبہ بندی کے تحت کام کریں۔پالدا گاؤں میں ’’اندرامّاں مکانات‘‘ کی تعمیرات، نرسریوں کی دیکھ بھال اور پودوں کی افزائش کے امور پر کلکٹر نے پنچایت سیکریٹری سے معلومات حاصل کیں اور کہا کہ تمام مستحقین کو مکانوں کی تعمیر میں ترغیب دی۔