سکریٹریز کے ساتھ سومیش کمار کا اجلاس، 31جنوری تک رپورٹ کی طلبی
حیدرآباد: چیف سکریٹری سومیش کمار نے تمام محکمہ جات کے سکریٹریز اور ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کو ہدایت دی ہے کہ سکریٹریٹ اور ضلع کی سطح پر ملازمین کے پروموشن کا عمل31 جنوری تک مکمل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق ہر سطح پر ملازمین کے ترقی کے عمل کو تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے۔ چیف سکریٹری نے آج تمام اسپیشل چیف سکریٹریز ، ڈائرکٹر جنرل پولیس ، پرنسپل سکریٹریز اور سکریٹریز کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے سکریٹری سے خواہش کی کہ وہ متبادل تقررات کے عمل کو عاجلانہ طور پر مکمل کریں۔ ملازمین کی ترقی کے سبب مخلوعہ جائیدادوں کو راست تقررات کے نوٹفکیشن میں شامل کیا جائے ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ہر چہارشنبہ کو پروموشن ، متبادل تقررات اور راست تقررات جیسے امور کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ تمام سکریٹریز اور ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس نے ترجیحی بنیادوں پر اس کام کی تکمیل کا تیقن دیا ۔ حکومت کے چیف اڈوائزر راجیو شرما کے علاوہ دیگر مشیران انوراگ شرما ، رمنا چاری ، اے کے خاں اور ایس کے جوشی اجلاس میں شریک تھے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، پورنا چندر راؤ آئی پی ایس ، گوپی کرشنا ، آئی پی ایس ، اسپیشل چیف سکریٹریز رانی کمدنی ، سریش چندا ، آدھر سنہا ، پرنسپل سکریٹریز رجت کمار ، اروند کمار ، رام کرشنا راؤ ، سنیل شرما ، جیش رنجن ، راجیو گپتا ، ہرپریت سنگھ کے علاوہ سکریٹریز اور ضلع کلکٹرس نے اجلاس میں شرکت کی۔