فرقہ وارانہ تشدد ناقابل برداشت، لال بہادر اسٹیڈیم میں کرسمس تقاریب میں شرکت
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے کرسمس تقاریب کا آج بڑے پیمانے پر لال بہادر اسٹیڈیم میں انعقاد عمل میں آیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور کرسمس کیک کاٹ کر عیسائی برادری کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی عیسائی طبقہ کی شخصیتوں کو تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل تحفظ حاصل رہے گا۔ فرقہ وارانہ تشدد یا حملوں میں ملوث ہونے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کیا جاتا ہے اور عوام مذہبی رواداری کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اگر شدت پسندی کا رخ اختیار کرلے تو سماج کیلئے نقصاندہ ہے۔ کوئی بھی مذہب دوسرے سے نفرت کی تعلیم نہیں دیتا اور تمام کا احترام اور محبت ہی حقیقی مذہب ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کا احترام کیا جانا چاہیئے اور دیگر مذاہب پر حملوں کا تدارک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بونال، کرسمس اور رمضان کے سرکاری سطح پر انعقاد کا ہم نے فیصلہ کیا اور یہ کسی کے کہنے پر نہیں ہے۔ حکومت تمام طبقات اور مذاہب کے ماننے والوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہندوستان میں بھائی چارہ اور مذہبی رواداری کی روایات برقرار ہیں اور لوگ ایک دوسرے کے عید اور تہوار میں شامل ہوتے ہیں۔ اس موقع پر تقریباً 10 ہزار سے زائد افراد کیلئے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا اور چیف منسٹر نے عیسائی معززین کے ساتھ ڈِنر کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ہریش راؤ، محمد محمود علی، کے ایشور اور ارکان مقننہ کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ر