سکریٹریٹ میں کرسمس تقریب ، وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے کہا کہ کرسمس تہوار خوشی ، مسرت اور باہمی یکجہتی کا تہوار ہے جو سماج میں محبت ، امن اور ہمدردی کا پیام عام کرتا ہے ۔ محمد اظہرالدین آج تلنگانہ سکریٹریٹ میں عیسائی ملازمین کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اظہرالدین نے عیسائی تعلیم اداروں سے اپنی دیرینہ وابستگی کی یاد تازہ کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک عیسائی تعلیمی اداروں میں انہوں نے تعلیم حاصل کی جہاں ہر سال کرسمس کی حقیقی روح کو قریب سے محسوس کرنے کا موقع ملا۔ ہم آہنگی اور خیرسگالی کے ماحول میں دوستوں اور اساتذہ کے ساتھ کرسمس منایا جاتا تھا۔ اظہرالدین نے باکسنگ ڈے کی تقاریب کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ زمانہ طالب علمی میں باکسنگ ڈے کے موقع پر کرکٹ میاچ کھیلنا ایک روایت تھی۔ اس تجربات نے انہیں ڈسپلن ، ٹیم ورک اور کھیلوں کے جذبہ کے علاوہ باہمی احترام جیسے اقدار سے روشنا کرایا ہے۔ اظہرالدین نے کہا کہ کرسمس ہر فرد کو محروم اور کمزور طبقات کی دیکھ بھال اور مختلف برادریوں کے درمیان رشتوں کو مضبوط بنانے کا پیام دیتا ہے۔ کرسمس جیسے تہوار فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت تمام مذاہب کے تہواروں کو سرکاری سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار ہر گھر میں خوشی اور ریاست میں امن اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔ ڈاکٹر جان ویسلی نے کرسمس کا پیام پڑھ کر سنایا۔ تقریب میں پرنسپل سکریٹری بینہر مہیش دت یکا ، مینجنگ ڈائرکٹر کرسچین میناریٹی فینانس کارپوریشن سبیتا ، سکریٹریٹ کرسچین ایمپلائیز اسوسی ایشن کے ارکان شاستری ، چٹی بابو ، ششی بھوشن، جیکب راس، منوہر اماں اور دوسرے شریک تھے۔ 1
