بیدر میں مجلس العلماء و الحفاظ کے زیر اہتمام تہنیتی تقریب سے خطاب، ارکان اسمبلی رحیم خان اور بنڈپا قاسم پور کی بھی تقریر
بیدر۔ جناب محمد امجد حسین کی اطلاع کے بموجب بیدر کی تاریخ میں آج تک ریاستی حج کمیٹی کا کوئی چیرمین نہیں بنا۔ تمام طبقات اور پارٹی کے لوگوں نے چاہ کر عبدالرؤف کو چیرمین بنایاہے۔ یہ بڑے فخر کی بات ہے۔میں رکن پارلیمان بن کر 7سال 4مہینہ ہواہے ، میرے دماغ میں کبھی نہیں آیاکہ مجھے مسلمانوں نے ووٹ نہیں دیا۔ ایک دھرم ، ایک ذات کی بنیاد پر کوئی جیت نہیں سکتا۔ انتخابات جیتنے کے لئے تمام دھرم کے لوگوں کاووٹ ملاہے ، اسلئے میں جیت پایاہوںاور آج مرکزی وزیر بن چکاہوں۔ یہ میرے حلقہ کے لوگوں کی دعائیں ہیں۔یہ باتیں مرکزی وزیر بھگونت کھوبا نے کہیں۔ وہ مجلس العلماء والحفاظ ضلع بیدر کے زیراہتمام 2؍نومبر کی شب شہر کے مغل گارڈن میں ان کی اپنی تہنیتی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایاکہ جو بھی مسلم بھائی بہن میرے پاس کام کے لئے آئے ہیں میں نے ان کاکام کردیاہے۔ بیدر کے رکن اسمبلی رحیم خان نے بتایاکہ جناب بھگونت کھوبا کو دودووزارتیں دی گئی ہیں۔ ایک کیمیکل سے متعلق اور دوسری فرٹیلائزر سے متعلق ۔یہ بڑی ذمہ داری کاکام ہے۔ انہیں 130کروڑ لوگوں کی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔موصوف نے بیدر کے ماحول کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ بیدر میں سبھی لوگ مل جل کر رہتے ہیں۔ پارٹی بھلے کوئی ہو ، سب کا مقصد ترقی ہے۔ اور میں نے 9اسپتال بنوائے ہیں۔ 100بستروں والا اسپتال بناناممکن نہیں تھا، مگر میں نے کوشش کرکے اسے قائم کیا اور انھوں نے کہابیدر کی عوام بہت خود دار ہے۔ بیدر میں سب سے بڑا مسئلہ ترکاری مارکیٹ کا تھا۔ میں نے 40کروڑ روپئے خرچ کرکے نئی ترکاری مارکیٹ بنائی ہے۔ بنڈپاقاسم پور رکن اسمبلی بیدر جنوب نے اپنی تقریر میں بیدر کی گنگاجمنی تہذیب کی بات کو زور دے کر پیش کیا۔ ریاستی حج کمیٹی کے چیرمین عبدالرؤف کچہری والے نے بتایاکہ مرکزی وزیر بھگونت کھوبا کم بولتے ہیں اور زیادہ کام کرتے ہیں۔ یہی ان کی پہچان اور خوبی ہے۔ موصوف نے اعلان کیاکہ بیدر میں حج ہاوز کی تعمیر ہوگی جس کے لئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی گئی ہے کہ وہ شہر میں اراضی فراہم کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے وہ ذمہ داری ہم پر ڈا ل دی ہے کہ اراضی کی نشاندہی کی جائے۔ تقریب میں کیلنڈر کی رسمِ اجراء عمل میں آیا۔اس موقع پر مذکورہ قائدین کے علاوہ مفتی عبدالغفارقاسمی ، نبی قریشی سا بق کونسلر، سعود کونسلر ، جناب شوکت علی نمائندہ کونسلر، جناب نوازخان نمائندہ کونسلر اور دیگر کی شالپوشی وگلپوشی کااہتمام بھی کیاگیا۔کئی ایک افراد شہ نشین پر موجودتھے۔واضح رہے کہ پروگرام سے قبل مرکزی وزیربھگونت کھوبا کو پھولوں سے سجی ایک بڑی سی گاڑی میں اہم شاہراہ شاہ گنج، مین روڈ ، گاوان چوک سے ہوتے ہوئے مغل گارڈن لایاگیاتھا۔جس کے آگے آگے باجے بجائے جارہے تھے۔