تمام نوجوانوں کو حق رائے دہی سے استفادہ پر زور

   

جشن قومی یوم رائے دہندگان ، اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت ، گورنر کا خطاب
حیدرآباد۔25جنوری(سیاست نیوز)بلدیہ گریٹر حیدرآبادکے اشتراک سے الیکشن کمیشن تلنگانہ نے رویندرا بھارتی میں جشن ’’ قومی یوم رائے دہندگان‘‘ تقریب منعقد ہوئی ۔ ۔ چیف الیکشن آفیسر رجت کمار کی قیادت میںمنعقدہ جشن میں مہمان خصوصی کے طور پر گورنر تلنگانہ اور آندھرا مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے شرکت کی جبکہ اعزازی مہمانوں میں کمشنر پولیس گریٹر حیدرآباد مسٹر انجنی کمار ‘ کمشنر بلدیہ گریٹر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے بھی شرکت کی ۔گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے جمہوریت میں رائے دہی کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی اور طلبا وطالبات اور یوتھ پر زوردیا کہ وہ نہ صرف رائے دہی میںبڑھ چڑھ کر حصہ لیںبلکہ لوگوں میں بھی اس کے متعلق شعور بیدار کریں۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں رائے دہی کی مضبوطی استحکام کی وجہہ بنتا ہے۔مسٹر نرسمہن نے کہاکہ ووٹ کا حق ہر ہندوستانی شہری کا ایک بہتر ین او راہم حق ہے جس کے تحت وہ حکومت کو جوابدہ بناسکتا ہے۔ مذہب رنگ ونسل او رپارٹی سے بالاتر ہوکر میں تمام نوجوانوں سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کرتاہوں کیوں کہ حق رائے دہی کا استعمال سماج میںانقلاب لانے میںمددگار ہوگا۔ مسٹر نرسمہن نے خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مجوزہ لوک سبھا الیکشن میںکم سے کم نوے فیصد رائے دہی میرا خواب ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قابل مبارکباد ہے تلنگانہ جہاں پر اگلے لوک سبھا الیکشن میںحق رائے دہی کا استعمال کرنے والوں میں نوجوان طبقہ کی اکثریت ہوگی اور اس کام کو پورا کرنے کے لئے نوجوان طبقے کو سرگرم رول ادا کرنا ہوگا۔مسٹر نرسمہن نے کہاکہ ان دنوں طویل قطاروں میںکھڑے ہوکر ووٹر لسٹ میںناموں کا اندرا ج کرنے کی ضرورت بھی نہیںہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنے رائے دہندوں کو کافی سہولتیں بھی فراہم کی ہیں۔ لہذا ہمیں چاہئے کہ جن لوگوں کے نام ووٹر لسٹ میںدرج نہیںہیں ‘ انہیں اندراج کے لئے راغب کرائیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر آپ اپنے حق رائے دہی کااستعمال کرنے میںکوتاہی کررہے ہیں تو آپ کو حکومت سے کسی چیز کا مطالبہ کرنے کا بھی حق نہیںرہے گا۔مسٹر نرسمہن نے کہاکہ جب تک ہر شہری حق رائے دہی کے استعمال کے متعلق سنجیدہ نہیںہوجاتا تب تک اس کو حکومت سے کسی چیز کا مطالبہ کرنے کا اختیار حاصل نہیںہوگا۔گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے ہال میںموجود لوگوں کوحق رائے دہی کے استعمال کے لئے حلف بھی دلایا ۔ چیف الیکشن آفیسر رجت کمارنے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے تیس ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں میں جشن ’ قومی یوم حق رائے دہندگان‘‘ منایاجارہا ہے ۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ میں پہلا اسمبلی الیکشن پرامن ‘ صاف او رشفاف منعقدہ کرانے کا ریاستی الیکشن کمیشن کو اعزاز حاصل ہے ۔ تلنگانہ میںپچھلے اسمبلی الیکشن کا سب سے اونچا تناسب73فیصد رہا ہے۔ رجت کمار نے اب تک جن لوگوں میںاپنے ناموں کا اندرا ج ووٹر لسٹ میںنہیںکرایا ہے ان سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ فارم (6)اپنے متعلقہ آفیسروں سے حاصل کرتے ہوئے ووٹر لسٹ میںاپنے ناموں کا اندرج کرائیں۔قبل ازیں گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے ہاتھوں بلدیہ کمشنر داناکشور اور پولیس کمشنر انجنی کمار کو ان کی بہترین خدمات پر ریاستی الیکشن کمیشن کا ایوارڈ بھی پیش کیاگیا ۔ اس کے علاوہ پرامن صاف او رشفاف الیکشن کے انعقاد میں الیکشن کمیشن تلنگانہ کے بھر پور تعاون کرنے والی رضاکارانہ تنظیموں اور اسکولی عملے کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔