نئی دہلی : /15 جولائی (ایجنسیز) ریلوے نے مسافروں کی سلامتی کو بڑھانے کیلئے تمام کوچیس اور انجنوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تمام 74,000 ڈبوں اور 15,000 انجنوں میں کیمرے لگائے جائیں گے ۔ ریلوے نے ہر ڈبے میں 4 سی سی ٹی وی کیمرے اور انجنوں میں 6 کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ تمام کیمرے اعلیٰ معیاری ہوں گے جو کم روشنی اور 100 کیلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار میں بھی کام کرسکیں گے ۔ وزیر ریلوے اشونی ویشنو اور وزیر مملکتی رونیت سنگھ بیٹو نے اتوار کو منعقدہ اجلاس میں تمام ٹرینوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے معاملہ کی پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ اس اجلاس میں ریلوے بورڈ کے سینئر عہدیدار شریک ہوئے ۔ ہر ڈبے کے دوداخلوںپر 4 گول کیمرے لگائے جائیں گے اور ہر انجن میں 6 سی سی ٹی وی کیمرے ہوں گے ۔ ریلوے نے ٹرینوں میں مسافروں کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر جدید سہولتوں سے استفادہ کا فیصلہ کرلیا ہے جس پر عمل درآمد کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریلوے نے ڈاٹا پرائیویسی کو بھی ترجیح دے رکھی ہے ۔ چنانچہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے اس پراجکٹ کے بعد پاسنجر سیفٹی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے ۔