تمام پولیس اسٹیشنوں میں کیمرے نصب کرنے اے پی ہائی کورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد18فروری(یواین آئی) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست بھر کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرے ۔ عدالت نے سوال کیا کہ جملہ 1,392 پولیس اسٹیشنوں میں سے صرف 1,001میں سی سی ٹی وی کیمرے کیوں نصب ہیں۔عدالت نے باقی اسٹیشنوں میں کیمروں کی عدم موجودگی کے بارے میں مزید وضاحت طلب کی۔سپریم کورٹ کے رہنما خطوط کا حوالہ دیتے ہوئے ہائی کورٹ نے تمام پولیس اسٹیشنوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ہدایت دی۔عدالت نے پولیس اسٹیشنوں میں موجود کیمروں کی فعالیت کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے جیلوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔اس سے قبل ہائی کورٹ نے پولیس اسٹیشنوں اور جیلوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کے معاملے پر سماعت کی تھی اور ان کی تنصیب کی ہدایت کی تھی۔
تاہم، کیمرے نصب ہونے کے باوجود، بہت سے دیکھ بھال اور تکنیکی مسائل کی وجہ سے غیر کارکرد پائے گئے ۔ اس کے نتیجہ میں ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی، جس میں سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل درآمد میں پیش رفت نہ ہونے کا الزام لگایا گیا۔درخواست کا جائزہ لینے کے بعد، ہائی کورٹ نے نئے احکامات جاری کیے ، تمام پولیس اسٹیشنوں میں سی سی ٹی وی نگرانی کی ضرورت کا اعادہ کیا۔