’’تمام ہندوستانی زبانوں کا احترام کیا جائے گا‘‘:مرکزی وزیر رمیش پوکھریال

   

نئی دہلی، 24 جون ( یواین آئی) حکومت نے پیر کو کہا کہ ہندی سمیت تمام ہندوستانی زبانوں کا ہر حال میں احترام کیا جائے گا اور نئی تعلیمی پالیسی ابھی صرف مسودے کی شکل میں ہے اور یہ حکومت کی پالیسی نہیں ہے ۔ لوک سبھا میں سوال کے دوران ایک ضمنی سوال کے جواب میں انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر رمیش پوکھریال نشنک نے کہا ‘‘حکومت تمام ہندوستانی زبانوں کو بااختیار بنانے کے لئے کام کر رہی ہے ۔ تمام ہندوستانی زبانوں کا ہر حال میں احترام کیا جائے گا‘‘۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے اسد الدین اویسی نے کہا کہ وزیر نے تحریری سوال کے جواب میں نقطہ ‘ڈی ’ میں اس کا براہ راست جواب نہیں دیا ہے کہ کیا وہ ہندی کو تمام ریاستوں میں لازمی زبان بنانا چاہتی ہے ۔ اس پر مسٹر نشنک نے کہا کہ ابھی صرف نئی تعلیمی پالیسی کا مسودہ لوگوں کی تجاویز کے لئے عام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا ‘‘آپ پڑھیے نہ اور تجاویز دیجیے ، یہ صرف مسودہ ہے ، حکومت کی پالیسی نہیں’’۔ ہندی کو لازمی بنائے جانے کے معاملے پر براہ راست جواب نہیں ملنے پر ڈی ایم کے کی کنی موجھی، ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور کچھ دیگر اپوزیشن رکن بھی کھڑے ہو کر وزیر سے واضح جواب کا مطالبہ کرنے لگے۔