تمام یرغمالیوں کی نعشیں حاصل کریں گے ،امریکہ کا اسرائیل کو تیقن

   

تل ابیب : 26 اکٹوبر ( ایجنسیز ) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دورہ اسرائیل کے دوران غزہ میں قید یرغمالیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تمام افراد کی واپسی کی یقین دہانی کروائی ہے۔عرب نیوز کے مطابق وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ امریکہ، اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت غزہ میں بین الاقوامی استحکام فورس کا مطالبہ کر سکتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ممالک اس میں شامل ہو سکیں۔مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھاکہ ’ہم ان یرغمالیوں کو نہیں بھولیں گے جو حماس کی قید میں ہلاک ہوئے۔‘انہوں نے مزید لکھا ’آج میری امریکی شہریوں ایتای چن اور عمر نیوتر کے اہل خلانہ سے ملاقات ہوئی۔ ہم تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ان کی اور دیگر کی لاشیں حوالے نہ کر دی جائیں۔‘غزہ میں استحکام فورس تعینات کرنے کے حوالے سے مارکو روبیو نے کہا کہ متعدد ممالک اس میں شریک ہونا چاہتے ہیں لیکن انہیں اس مشن کے آپریشن سے متعلق مزید تفصیلات درکار ہیں۔انہوں نے اسرائیل سے قطر کے لیے روانگی کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ متعدد ممالک جو اس فورس میں شمولیت کی دلچسپی رکھتے ہیں انہیں انٹرنیشنل مینڈیٹ کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بتایا کہ امریکہ اس حوالے سے غزہ جنگ بندی کے ثالثوں قطر، مصر اور ترکیہ کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے جبکہ انڈونیشیا اور آذربائیجان نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور ثالث ممالک معلومات شیئر کر رہے ہیں تاکہ جنگ بندی میں ممکنہ خلل پیدا کرنے والے خطرات کو روکا جا سکے۔دوسری جانب یرغمالیوں کی واپس کے لیے سرگرام اسرائیلی گروپ نے مارکو روبیو کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہویے کہا کہ ’13 یرغمالیوں کو گھر واپس آنا ہے۔‘انہوں نے امریکی وزیر خارجہ سے درخواست کی کہ آخری یرغمالی کی رہائی تک اپنی کوششیں ترک نہ کریں۔