تمام یمنی فریق جنگ کے خاتمہ کیلئے سنجیدہ ہیں: سعودی سفیر

   

صنعاء : یمن میں سعودی عرب کے سفیر نے کہا ہے کہ تمام یمنی قوتیں جنگ کے خاتمے کیلئے سنجیدہ ہیں۔خبر رساں ادارے‘اے ایف پی’ کے مطابق یمن میں سعودی سفیر محمد آل جابر نے ایک بیان میں کہا کہ تمام یمنی فریق لڑائی کے خاتمے اور امن قائم کرنے کیلئے سنجیدہ ہیں۔انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ یہ پیش گوئی کرنا ناممکن ہے کہ براہ راست مذاکرات کب ہوں گے کیونکہ حکومت اور حوثی فی الحال ایک ساتھ بیٹھنے سے گریزاں ہیں، اس لیے یہ کہنا ناممکن ہے کہ یمن میں جنگ کے اصل فریق مذاکرات پر کب راضی ہوتے ہیں۔گذشتہ ماہ صنعاء میں حوثی حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد اپنے پہلے بیانات میں انہوں نے کہا کہ ہر کوئی سنجیدہ ہے، مطلب یہ ہیکہ ہر کوئی امن کی تلاش میں ہے۔انہوں نے مزید کہا “کچھ بھی واضح نہیں ہے، لیکن میں پر امید ہوں اور ہم امید کرتے ہیں کہ انشاء اللہ، یمنی جلد از جلد کوئی راستہ نکال لیں گے۔”یمن میں سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے تمام یمنیوں فریقوں کو میز پر بیٹھنے اور تمام مسائل پر بات چیت کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی ہے۔”تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ “آخر میں معاملہ یمنیوں سے متعلق ہے۔