چنئی: تمل ناڈو میں 10سال کے وقفہ کے بعد چھٹی بار اقتدار میں لوٹی ڈی ایم کے حکومت میں مسٹر ایم کے اسٹالن قیادت والی 34 رکنی کابینہ نے حلف لیا۔یہاں راج بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں گورنر بنواری لال پروہت نے اسٹالن اور ان کی کابینہ کے ممبروں کو اپنے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔تقریب حلف برداری میں اداکار سے سیاستدان بنے ‘مکل ندھی مائم’ کے بانی کمال ہاسن ، ایم ڈی ایم کے جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا ممبر وائیکو اور اے آئی اے ڈی ایم کے کوآرڈی نیٹر اور سابق نائب وزیر اعلی او پنیرسیلوم ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما ایل گنیشن نے شرکت کی۔وزیر اعلی کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد مسٹر اسٹالن پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ اپنے والد اور سابقہ ڈی ایم کے چیف ایم کروناندھی ، سی این انادورئی اور پیریار کی یادگار پر گئے اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وہ مسٹرکروناندھی کی رہائش گاہ گوپال پورم بھی گئے اور اپنی والدہ سے آشیرواد لیا۔وزیر اعلی بعد میں ریاستی سکریٹریٹ پہنچے اور چارج سنبھال لیا اور اہم فائلوں پر دستخط کئے ۔34رکنی کابینہ میں ماضی کی کرونادھی حکومت میں شامل رہے وزرائے کے ساتھ ہی 15 نئے چہروں اور دو خواتین کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے ۔