چنئی، 11 فروری (یو این آئی) تمل ناڈو میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد اقتدار میں شراکت کی کانگریس کی مانگ کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ اور دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے ) کے صدر ایم۔ کے اسٹالن نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ ریاست میں اقتدار کی شراکت کا تصور مناسب نہیں ہے لیکن ڈی ایم کے ۔کانگریس اتحاد پوری طرح مضبوط اور برقرار ہے۔ اسٹالن نے یہاں ’انڈیا راؤنڈ ٹیبل‘ پروگرام میں سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ تمل ناڈو کی سیاست کی تاریخ میں اقتدار کی شراکت کی کوئی روایت نہیں رہی اور یہ تصور ریاست کے لیے موزوں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چند ثالثین اور میڈیا کے ایک طبقے کی جانب سے ڈی ایم کے اور کانگریس کے درمیان طویل عرصے سے قائم اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن دونوں جماعتوں کے تعلقات پہلے کی طرح مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور ڈی ایم کے ۔کانگریس اتحاد آئندہ بھی جاری رہے گا۔