تمل ناڈو کا مرکز سے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبوں کے ٹیکسوں میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ

   

چنئی : تمل ناڈو کے وزیر خزانہ ڈاکٹر پلانی ویل تھیاگ راجن نے آج مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبوں کے ٹیکسوں میں اضافہ واپس لینے کی اپیل کی۔مرکز کے زیر اہتمام ریاستی وزرائے خزانہ کی پری بجٹ میٹنگ میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کونسل اور مرکزی حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے لیے ٹیکس کی شرح کو پانچ فیصد سے بڑھا کر بارہ فیصد کرنے کے حالیہ فیصلے پر یہ شعبہ کئی مسائل سے دوچار ہے ۔انہوں نے بتایا کہ”ٹیکس میں اضافے سے پہلے سے ہی دباؤ کا شکار ایم ایس ایم ای ٹیکسٹائل اور ہینڈلوم سیکٹرز پر مالی بوجھ بڑھے گا، جو وبائی امراض کے اثرات سے دوچار ہیں۔ میں مرکزی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس فیصلے پر ازسرنو غور کرے اور ٹیکسوں میں اضافے کو واپس لے “۔ انہوں نے بتایا کہ کووڈ-19 کی دوسری لہر نے ریاست میں ایم ایس ایم ای سیکٹر کو بری طرح متاثر کیا ہے جس میں لاک ڈاؤن کے دوران پابندی، طلب میں کمی، سپلائی چین میں رکاوٹ اور مزدوروں کی کمی شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگرچہ آر بی آئی اور مرکزی حکومت دونوں نے پہلے ہی کئی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔