یوپی حکومت کی ڈیجیٹل پالیسی پر پرینکا گاندھی کا طنز
نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بی جے پی کی یوپی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ’تم دن کو کہو رات تو رات، ورنہ حوالات‘ جیسے جملے کا استعمال کیا ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا پالیسی اور اساتذہ کی بھرتی جیسے مسائل پر اتر پردیش کی یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔پرینکا گاندھی نے جمعرات کو ایکس پر لکھا کہ جو تم کو ہو پسند، وہی بات کہیں گے۔ تم دن کو اگر رات کہو، رات کہیں گے۔ اتر پردیش کی سوشل میڈیا پالیسی میں انصاف مانگ رہی خواتین کی آوازیں کس زمرے میں آئیں گی؟ 69000 ٹیچر بھرتی ریزرویشن اسکام میں اٹھنے والے سوال پالیسی کے کس زمرے میں آئیں گے؟بھارتیہ جنتا پارٹی میں اندرونی خلفشار پر بھی پرینکا گاندھی نے طنز کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ بی جے پی قائدین اورارکان اسمبلی کی جانب سے بی جے پی حکومت کی پول پٹی کھولنا کس زمرے میں آئے گا؟ تم دن کو کہو رات تو رات، ورنہ حوالات‘ پالیسی سچائی کو دبانے کا ایک اور طریقہ ہے۔ کیا بی جے پی جمہوریت اور آئین کو روندنے سے زیادہ کچھ سوچ ہی نہیں سکتی؟خیال رہے کہ اتر پردیش کی یوگی حکومت نے نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی متعارف کی ہے جس کے تحت کسی بھی ‘قابل اعتراض مواد’ کو آن لائن پوسٹ کرنے پر قانونی کارروائی کرنے کا التزام کیا گیا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ ‘قابل اعتراض مواد’ اپ لوڈ کرنے کی صورت میں متعلقہ سوشل میڈیا آپریٹرز، بااثر افراد، فرم یا ایجنسی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔