پائیلٹ پراجکٹ کے تحت 27 مواضعات کا انتخاب ، 11 جون سے سروے چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت
حیدرآباد :۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست میں 11 جون سے زرعی اراضیات کا ڈیجیٹل سروے کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پائیلٹ پراجکٹ کے تحت 27 مواضعات کا انتخاب کرنے میں جس میں اسمبلی حلقہ گجویل کے 3 مواضعات اور ماباقی 24 اضلاع سے 24 مواضعات کا انتخاب کرنے کی چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی ۔ پرگتی بھون میں آج چیف منسٹر کے سی آر نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ریاست میں تنازعات سے پاک اراضی نظام تیار کرنے اور عوام کے اراضیات کی حفاظت کرنے کے لیے اراضیات کا ڈیجیٹل سروے ضروری ہوگیا ہے ۔ اس اجلاس میں سروے کرنے والے ایجنسیوں کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے خطاب کرتے ہوئے عہدیداروں کو بتایا کہ ریاست میں غریب عوام کے اراضی حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے دھرانی پورٹل پر عمل کا آغاز کیا گیا ۔ تنازعات سے پاک اراضیات کو یقینی بنانے کے لیے تلنگانہ حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاست میں پہلے زرعی اراضیات کا ڈیجیٹل سروے کرانے کے بعد پٹہ اراضیات کا ڈیجیٹل سروے کرایا جائے گا ۔ اراضیات پر عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے میں یہ سروے معاون و مددگار ثابت ہوگا ۔ چیف منسٹر نے سروے ایجنسی کو مشورہ دیا کہ وہ صرف تجارت کو مد نظر رکھتے ہوئے بلکہ سماجی خدمات کو بھی مد نظر رکھیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ ریاست میں اراضی تنازعات کا مستقل حل برآمد ہو ۔ سروے کے دوران ایک انچ اراضی کا بھی بیجا استعمال نہ ہو اس کا ضرور خیال رکھا جائے ۔ پائیلٹ پراجکٹ کے تحت پہلے غیر متنازعہ اراضی والے گاؤں کا سروے کیا جائے بعد میں جنگلاتی اور سرکاری اراضی پر مشتمل گاؤں کا سروے کیا جائے ۔۔