تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ ا پنے احکامات کی خلاف ورزی

   

خانگی شعبہ کے ملازمین کو خطرہ، جی نرنجن کا چیف منسٹر کو مکتوب
حیدرآباد ۔31 ۔ نومبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان جی نرنجن نے چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تنخواہوں اور پنشن میں کٹوتی کے فیصلہ پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ۔ نرنجن نے بتایا کہ تنخواہوں میں 10 تا 50 فیصد کٹوتی کا فیصلہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او ایم ایس 45 مورخہ 22 مارچ کی خلاف ورزی ہے ۔ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں ملازمین کی تنخواہوں میں عدم کٹوتی کی ہدایت دی گئی تھی ۔ جی او کے مطابق تمام سرکاری اور خانگی ادارے اپنے ورکرس اور ملازمین کو تنخواہیں ادا کریں۔ کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کو بھی لاک ڈاؤن مدت کی تنخواہ ادا کی جائے ۔ خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی دھمکی دی گئی ۔ نرنجن نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے خود اپنے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خانگی شعبہ ، فیکٹریز اور دیگر اداروں کے لئے موقع فراہم کیا ہے کہ وہ حکومت کے فیصلے کی آڑ میں اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کریں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف حکومت بلکہ خانگی ادارے بھی مسائل کا شکار ہیں کیونکہ تمام تر کاروبار بند ہیں ۔ بینکوں کو خانگی اداروں کے تحفظ کے لئے آگے آنا چاہئے ۔ نرنجن نے وزراء ، ارکان مقننہ اور صدورنشین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی تائید کی ۔ انہوں نے کہا کہ وظیفہ یاب افراد کا مکمل انحصار پنشن پر ہوتا ہے۔ نرنجن نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ موجودہ حالات میں مرکزی حکومت اور ریزرو بینک سے زائد فنڈ کیلئے رجوع ہو۔