تنخواہوں میں کٹوتی کے خلاف آر ٹی سی ملازمین کا ریاست گیر احتجاج

   

Ferty9 Clinic

جون کی تنخواہ میں بھاری کٹوتی، کئی ملازمین کو صرف 100 روپئے حاصل ہوئے

حیدرآباد: آر ٹی سی کے ملازمین نے جون کی تنخواہوں میں کٹوتی کے خلاف احتجاج منظم کیا ہے ۔ ریاست کے مختلف حصوں میں ڈرائیورس اور کنڈکٹرس نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بتایا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کو جون سے مکمل تنخواہ کی ادائیگی کے فیصلہ کے باوجود آر ٹی سی کے کئی ملازمین کو 10 روپئے سے کم تنخواہ ملی ہے۔ انہوں نے کارپوریشن کی جانب سے مسلسل تیسرے ماہ تنخواہوں میں کٹوتی کے فیصلہ کی مذمت کی ۔ ملازمین نے کہا کہ وہ لاک ڈاون میں نرمی کے بعد سے خدمات انجام دے رہے ہیں، لیکن حکومت مکمل تنخواہ ادا کرنے تیار نہیں ہے ۔ بھدرا چلم ڈپو سے وابستہ ایک کنڈکٹر نے بتایا کہ اسے صرف 77 روپئے کی تنخواہ ادا کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی نے اگر تمام روٹس پر سرویس کا آغاز نہیں کیا ہے تو اس میں ملازمین کا کیا قصور ۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ حاضری رجسٹر میں دستخط کر رہے تھے ، اس کے باوجود ان کی تنخواہ میں کٹوتی کی گئی ۔ بھدرا چلم ڈپو کے مزید 20 ملازمین کو 100 روپئے سے کم اور 50 ملازمین کو 100 روپئے سے کم تنخواہ دی گئی ہے۔ میڑچل اور مہدی پٹنم ڈپو کے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی کٹوتی کردی گئی۔ کارپوریشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون کے بعد ڈیوٹی پر حاضر ہونے والے ملازمین کو تنخواہ ادا کی گئی۔ آر ٹی سی ملازمین تنخواہوں کے مسئلہ پر احتجاج میں شدت کا منصوبہ رکھتے ہیں۔