جھانسی: اترپردیش کے جھانسی کے مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے مختلف شعبوں کے کنٹریکٹ ملازمین پانچ چھ ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے تنگ آکر جمعہ کی صبح سے ہڑتال پر بیٹھ گئے ۔ملازمین کی اس ہڑتال کی وجہ سے میڈیکل کالج میں آنے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔احتجاج کرنے والے ملازمین میں نرسنگ، صفائی کا عملہ، وارڈ بوائز، ایمبولینس اور دیگر کئی محکموں کے ملازمین بھی شامل ہیں۔ ان ملازمین کا الزام ہے کہ انہیں گزشتہ پانچ چھ ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ہے ، اس بارے میں انہوں نے کئی بار عہدیداروں سے بات کی ہے لیکن یقین دہانی کے علاوہ ان کے ہاتھ کچھ نہیں آیا۔ کچھ عرصہ کام ہوا لیکن اب پانی سر سے اوپر آگیا ہے تو ہم ہڑتال پر بیٹھنے پر مجبور ہوگئے ۔ملازمین کی ہڑتال کے باعث میڈیکل کالج میں آنے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ متعلقہ ڈاکٹر کو دکھانے کے لیے مریض دو تین گھنٹے سے قطاروں میں کھڑے ہیں لیکن عملہ نسخے کی کھڑکیوں سے غائب ہے ۔ گردو نواح سے میڈیکل سنٹر میں آنے والے مریضوں نے اپنے مسائل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سب ہڑتال پر ہیں، کوئی پرچہ نہیں بنا رہا۔