میلبورن۔21 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کرکٹر کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا صورتحال کے سبب تنخواہ میں کمی کے لئے تیار ہیں لیکن ملک کے کرکٹ بورڈ کو اپنے مالی معاملات میں مکمل شفافیت دکھانی چاہئے۔آسٹریلیا کے سابق کپتان مارک ٹیلر اور وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ نے کل کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کھیل سرگرمیاں ٹھپ ہونے کے سبب اقتصادی چیلنج کا سامنا کرنے والا کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) ملازمین کے بعد کھلاڑیوں کی تنخواہ میں بھی کمی کر سکتا ہے۔سی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیون رابرٹس نے اقتصادی پریشانی کا حوالہ دیتے ہوئے عملے کو تنخواہ میں کمی کے ساتھ چھٹی پر بھیج دیا تھا۔ سی اے نے جون تک ملازمین کی تنخواہ میں 80 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیلر نے کہا تھا کہ ملازمین کے بعد بورڈ کھلاڑیوں کی تنخواہ میں تخفیف کر سکتا ہے۔ہیزل ووڈ نے کہا کہ انہیں اس بات سے حیرانی ہوئی تھی کہ سی اے اس صورت حال میں مالی دباو کا سامنا کر رہا ہے جبکہ ملک میں لاک ڈاون اعلان کئے جانے کے وقت آسٹریلیا کا کرکٹ سیزن تقریبا ختم ہو چکا تھا۔ہیزل ووڈ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صحافیوں کو بتایا کہ اس بات نے مجھے حیرت میں ڈالا کیونکہ جب لاک ڈاون ہوا تھا تب کرکٹ سیزن ختم ہو چکا تھا۔ ہم اس کھیل کے پارٹنر ہیں اور جب ضرورت ہو گی ہم اپنی ذمہداری نبھائیں گے لیکن میرا خیال ہے کہ سی اے کو اپنے مالی معاملات کو لے کر شفافیت دکھانی ہوگی تبھی کھلاڑی بھی مکمل تعاون کر پائیں گے۔سی اے پہلے ہی قومی اور ریاستی سطح کے کھلاڑیوں کے معاہدہ میں 30 اپریل تک تاخیرکرچکا ہے۔ ہیزل ووڈ نے کہا کہ کھلاڑی چاہتے ہیں کہ سی اے نئی آخری مدت تک موقف واضح کرے۔