حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر (سیاست نیوز) شوہر سے تنخواہ کے تنازعہ پر بیوی نے شوہر کا قتل کردیا ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ شوہر کے قتل میں خاتون کی مدد خود اس کی والدہ نے کی ، یہ انسانیت سوز واردات تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں پیش آئی ۔ پولیس نے نعش کو ایک رائس مل کے قریب سے برآمد کیا اور اس کی شناحت بھومیش کی حیثیت سے کی گئی ۔ ابتدائی تحقیقات اور پنچنامہ کے بعد پولیس کو قتل کا شبہ ہوا اور پولیس نے آس پاس چھان بین شروع کردی اور مقامی افراد سے پوچھ تاچھ کے بعد بھومیش کی بیوی پر شبہ ظاہر کیا اور خاتون کو حراست میں لینے کے فوری بعد اس کی والدہ یعنی بھومیش کی ساس کو بھی گرفتار کرلیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق بھومیش کی شادی سات سال قبل راجو پلی کی ساکن وجیا سے ہوئی تھی ۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے اکثر میاں بیوی میں رقمی لین دین پر بحث و تکرار ہورہی تھی۔ وجیا روزانہ کے جھگڑوں سے تنگ آکر مائیکے راجوپلی چلی گئی ۔ بھومیش کا تعلق مٹ پلی سے بتایا گیا ہے ۔ بھومیش بیوی کو گھر واپس لانے کیلئے سسرال گیا جہاں دوبارہ میاں بیوی رقم کے تعلق سے جھگڑا کرنے لگے ۔ یہ بات بھومیش کی ساس لکشمی کوکافی ناگوار گزری اور اس نے بیٹی کا ساتھ دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق بھومیش کا گلا گھونٹ کر اس کا قتل کیا گیا اور ثبوت اور شبہات مٹانے کیلئے نعش کو ایک رائس مل کے قریب پھینک دیا گیا ۔ پولیس نے ماں بیٹی کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
