تنظیم فوکس اور ارشادالمسلمین کا 24ستمبر کو میلاد بلڈ ڈونیشن کیمپس

   

خون کے عطیہ سے تھیلیسیمیا مریضوں کی جان بچا سکتا ہے
مولانا احسن بن محمد الحمومی اور ڈاکٹرمصطفیٰ علی سروری کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 21؍ستمبر(راست) محسن انسانیت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی یوم ولادت کے مبارک و مسعود موقع پر مسلم نوجوانوں کی تنظیم فوکس اور تنظیم ارشاد المسلمین کے زیر اہتمام 14واں بلڈ ڈونیشن کیمپ ہفتہ 24؍ستمبر کوحج ہائوز نامپلی اور عیدگاہ بالامرائی پیراڈائز سکندرآباد میں صبح 7تا 5بجے شام تک منعقد ہوںگے۔ ڈاکٹر مولانا احسن بن محمد الحمومی نے بتایا کہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم اگرچہ کہ 28ستمبر کو ہے تاہم اُسی دن گنیش جلوس کے پیش نظر میلاد بلڈڈونیشن کیمپس کا 24ستمبر کو اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو آمد و رفت میں کسی قسم کی زحمت نہ ہو۔توقع ہے کہ 18سال سے 60سال کی عمر تک کے ایسے دو ہزار افراد خون کا عطیہ دیںگے ۔ فوکس اور تنظیم ارشاد المسلمین کی جانب سے گزشتہ 13 برس سے میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا کامیابی کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس میں سینکڑوں افراد جن میں اکثریت نوجوانوں کی ہوتی ہے خون کا عطیہ دیتے ہیں جو تھلسیمیا سکل سیل سوسائٹی کو سربراہ کیا جاتا ہے جس سے خون کے ضرورتمند افراد استفادہ کرتے ہیں۔میڈیا پلس آڈیٹوریم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مولانا احسن بن محمد الحمومی امام و خطیب شاہی مسجد باغ عامہ نے بتایا کہ بلالحاظ مذہب و ملت انسانیت کی بقاء کی خاطر یہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے۔ اس موقع پر مولانا حافظ محسن بن محمد الحمومی صدر تنظیم فوکس، جناب علیم بیگ جوائنٹ سکریٹری تھلسیمیا اینڈ سکل سوسائٹی اور ڈاکٹر مصطفیٰ علی سروری اسوسی ایٹ پروفیسر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور محمد مطہر حسین بھی موجود تھے۔اس وقت سوسائٹی میں 3865 بچے تھیلیسمیا یعنی خون کی قلت کے مریضوں کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔