تنقیدوں اور پابندیوں سے مجھے روکا نہیں جاسکتا: سوندرا راجن

   

گورنر کے عہدہ پر چار سال مکمل ،عوام دوست گورنر بننا چاہتی ہوں، لوک سبھا اور اسمبلی کے یکساں انتخابات کی تائید

حیدرآباد ۔8۔ ستمبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے عہدہ پر چار سال کی تکمیل کرلی ہے اور گورنر کی حیثیت سے وہ پانچویں سال میں داخل ہوچکی ہیں ۔ گزشتہ 4 برسوں میں کے سی آر حکومت کے ساتھ ان کے روابط ابتداء میں خوشگوار تھے لیکن گزشتہ دو برسوں میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ 4 سال کی تکمیل کے موقع پر گورنر نے کافی ٹیبل بک کی رسم اجراء انجام دی جسے انہوں نے تحریر کیا ہے۔ گورنر کی حیثیت سے چار سال کی تکمیل پر آج راج بھون میں ایڈیٹرس اور سینئر صحافیوں کے ساتھ لنچ کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر ٹی سوندرا راجن نے اپنی کارکردگی کے بارے میں صحافیوں کی رائے حاصل کی۔ اپنے جارحانہ موقف کو دہراتے ہوئے گورنر نے کہا کہ چیلنجس اور تحدیدات سے انہیں عوامی خدمت سے روکا نہیں جاسکتا۔ وہ دستور کے دائرہ میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت جاری رکھیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی خدمت وہ اپنے لئے اعزاز تصور کرتی ہیں۔ دستور کے دائرہ میں رہتے ہوئے وہ ریاست کی خدمت اپنی صلاحیت کے مطابق انجام دیتی رہیں گی۔ گورنر نے کہا کہ انہوں نے راج بھون کو پرجا بھون میں تبدیل کیا ہے اور وہ کورٹ کیسس اور تنقیدوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گی۔ پروٹوکول کی خلاف ورزی کے ذریعہ مجھے خدمات سے روکا نہیں جاسکتا۔ گورنر نے کہا کہ مجھے عوامی خدمت کا جذبہ ہے لیکن راج بھون کی بعض حدود ہوتی ہیں جس کے تحت کام کرنا پڑتا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ فنڈس کی کمی کے نتیجہ میں وہ عوام کی مزید خدمت کرنے سے قاصر ہیں۔ گورنر نے بتایا کہ اضلاع کے دورہ کے موقع پر آئی اے ایس عہدیدار استقبال کیلئے موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی خدمات کے پس پردہ کوئی سیاسی عزائم نہیں ہیں اور نہ ہی حکومت سے کوئی ناراضگی ہے۔ گورنر نے صحت کے شعبہ میں کے سی آر حکومت کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ حکومت کے ساتھ ان کا صرف اختلاف رائے ہے۔ آر ٹی سی انضمام سے متعلق بل حکومت سے موصول ہوا ہے ۔ بعض دیگر بلز کا جائزہ لینے کے بعد میں نے انہیں واپس کردیا۔ گورنر نے کہا کہ سرکاری بلز کو دوبارہ واپس کرنے کے معاملہ میں کوئی سیاست نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے یکساں انتخابات کی وہ تائید کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کو کافی سیاسی تجربہ ہے اور میں نے انہیں دیکھ کر کافی سیکھا ہے ۔ حکومت کی کارکردگی کی ستائش سے محسوس ہورہا ہے کہ راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی ہے۔ گورنر نے کہا کہ عوام کی خدمت کے علاوہ ان کا کوئی سیاسی ایجنڈہ نہیں ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ عوام دوست گورنر کی حیثیت سے اپنی شناخت بنائیں۔ گورنر نے کہا کہ تلنگانہ کی سالگرہ اور میری سالگرہ ایک ہی دن ہے۔ میرے دماغ میں ہمیشہ عوام کی خدمت کا جنون رہا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ میرے خاندان کا تعلق سیاست سے ہے اور میں کسی سے خوفزدہ نہیں ہوں گی۔ دستور کے حدود میں خدمات انجام دینا میں اچھی طرح جانتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے بعض کاموں کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔ میرا تعلق سیاسی گھرانے سے ہے ، شائد اسی لئے میرے کاموں کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی ۔