تنقیدیں کرنا آسان ،کام کرنا مشکل: کے ٹی آر

   

فلاحی اسکیمات پر کسی بھی گاؤں میں کھلے عام مباحث کا کانگریس اور بی جے پی کو چیلنج
حیدرآباد ۔ 5 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیربلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کرنے والے بی جے پی اور کانگریس قائدین کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ تنقیدیں کرنا آسان ہے جبکہ کام کرنا مشکل ہے۔ ضلع راجنا سرسلہ کے ایلاریڈی پیٹ منڈل کے موضع وینکٹ پور میں نوتعمیر شدہ ڈبل بیڈروم مکانات کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس سموقع پر منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ غریب عوام کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر سکون ملتا ہے۔ حکومت کی جانب سے کئی منفرد فلاحی اسکیمات متعارف کرائی گئی ہیں۔ سماج کے تمام اہل افراد کو ان اسکیمات سے فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔ سوائے تلنگانہ کے ملک کی کسی بھی ریاست یا شہر میں حکومتوں کی جانب سے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرتے ہوئے غریبوں میں مفت تقسیم نہیں کئے جارہے ہیں۔ حکومت پر تنقید کرنے والے کانگریس اور بی جے پی کے قائدین سے کے ٹی آر نے استفسار کیا جن ریاستوں میں دونوں جماعتوں کی حکومتیں ہیں کیا وہاں کے غریب عوام کو ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں؟ کلیان لکشمی، شادی مبارک، آسرا پنشن وغیرہ جیسی اسکیمات پر عمل آوری ہورہی ہے؟ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کیلئے وہ تلنگانہ کے کسی بھی گاؤں میں کانگریس اور بی جے پی قائدین سے کھلے عام مباحث کیلئے تیار ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ باتیں کرنا آسان ہے کام کرنا مشکل ہے۔ ٹی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے سے قبل دونوں جماعتوں کے قائدین پہلے اپنا محاسبہ کرلیں۔ ہر گاؤں میں توقع کے مطابق ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔ سرکاری ہاسپٹلس میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کے ٹی آر نے دو پروگراموں میں حصہ لیا ۔ وینکٹاپور میں ڈبل بیڈ روم مکانات کے علاوہ ہیلت پروفائل کا بھی افتتاح کیا جو سرسلہ کے ویملاواڈہ میں پائلٹ پراجکٹ ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ 24 گھنٹے مفت برقی کس ریاست میں فراہم کی جارہی ہے جب کہ ریتو بندھو پر کس ریاست میں عمل کیا جارہا ہے ۔ن