ممبئی ۔ 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم بیٹسمین سچن تنڈولکر نے آج یہاں مہاراشٹرا میں منعقدہ انتخابات کے دوران اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے ضمن میں ووٹ ڈالنے کے بعد سچن تنڈولکر نے اپنے مداحوں سے حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔ سچن تنڈولکر یہاں مضافاتی باندرہ کے پولنگ بوتھ پر اپنی بیوی انجلی کے ساتھ ووٹ ڈالنے پہنچے۔ سچن نے ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح میں نے اخبار پڑھا تو مجھے ایک خبر معمول سے ہٹ کر ملی جس میں شہر کے تین ایسے معمر ترین افراد جو کہ وہیل چیر پر پولنگ بوتھ پہنچ کر ووٹ ڈالنے والے تھے، ان کی تفصیلات پڑھی جس میں 94 سالہ شخص بھی شامل ہے جبکہ دو اور شہریوں کی عمر 100 اور 106 سال ہے۔ ان کا حوالہ دیتے ہوئے سچن نے کہا کہ مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے آج حق رائے دہی سے استفادہ کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں 1983ء میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن سابق کھلاڑی سندیپ پٹیل نے سنٹر ممبئی کے علاقہ شیواجی پارک کے پولنگ بوتھ پر حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔