تنڈولکر کی ورلڈ کپ ٹیم میں پانچ ہندوستانی کھلاڑی

   

نئی دہلی ۔ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ماسٹر بلاسٹر اور کپتان سچن تنڈولکر نے ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد اپنی 11 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا ہے جس میں انگلش وکٹ کیپر جانی بیرسٹو کو ہندوستانی سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی پر ترجیح دی گئی اسی طرح قیادت کے معاملہ میں بھی ویراٹ کوہلی سابق اوپنر سچن تنڈولکر کی پہلی پسند نہیں رہے بلکہ انہوں نے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو ہی اپنا کپتان بنایا ہے۔ سچن تنڈولکر نے اپنی 11 رکنی ٹیم میں پانچ ہندوستانی کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے جس میں ویراٹ کوہلی، جسپریت بمرا، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجہ اور روہت شرما شامل ہیں۔ روہت شرما جنہوں نے ورلڈ کپ ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کئے ہیں جیسا کہ انہوں نے 648 رنز کے ساتھ پہلے مقام پر فائز رہنے کے علاوہ پانچ سنچریاں بھی اسکور کی ہیں لہٰذا سچن نے روہت شرما کو جانی بیروسٹو کے ساتھ اپنی ٹیم میں بحیثیت اوپنرس شامل کیا ہے جبکہ نمبر 3 پر کین ولیمسن بحیثیت کپتان موجود ہیں۔ سچن نے نمبر چار پر ویراٹ کوہلی کو منتخب کیا ہے ۔سچن کی منتخب 11 رکنی ورلڈ کپ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔ روہت شرما، جانی بیرسٹو (وکٹ کیپر)، کین ولیمسن (کپتان)، ویراٹ کوہلی، شکیب الحسن، بین اسٹوکس، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجہ، مچل اسٹارک، جسپریت بمرا اور جوفرا آرچر۔