تنگ راستہ، شدید بارش، عارضی ٹھکانوں کا انہدام

   

لوک ناتھ مندر کے زائرین میں بھاگ دوڑ، 3 افراد ہلاک، 20 زخمی
کولکتہ۔23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے 24 پرگنہ ضلع میں جمعہ کے دن ایک مندر کے قریب بھاگ دوڑ میں کم سے کم 3 افراد مارے گئے اور 20 افراد زخمی ہوگئے۔ یہ بات مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بتائی۔ ہر سال اس دن بابا لوک ناتھ برہما چاری کی تاریخ پیدائش منانے کے لیے لاکھوں لوگ اس مندر کے پاس جمع ہوجاتے ہیں۔ بابا لوک ناتھ کے ماننے والے مغربی بنگال اور بنگلہ دیش میں پائے جاتے ہیں۔ ممتا بنرجی فوری نیشنل میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کو روانہ ہوئیں جہاں زحمی کو داخل کرادیا گیا تھا۔ انھوں نے بعدازاں اخبار نویسوں کو بتایا کہ ہر سال اس دن لاکھوں عقیدت مند اس مندر پر اکٹھا ہوجاتے ہیں تاکہ بابا لوک ناتھ کا یوم پیدائش منایا جاسکے۔ یہاں اچانک موسلادھار بارش شروع ہوگئی اور لوگ بانس کے جو عارضی جھونپڑے بنائے گئے تھے اس میں بارش سے پناہ لینے کے لیے دوڑ پڑے۔ بھاری بارش کے سبب بانس کے یہ عارضی ٹھکانے گرپڑے۔ مندر کا راستہ بہت تنگ ہے۔ مندر کے قریب واقع تالاب میں بعض لوگ گرگئے جس سے لوگوں میں الجھن پیدا ہوگئی اور بھاگ دوڑ مچ گئی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ سینئر وزراء کو یہ برسیات ہاسپٹل روانہ کیا جاچکا ہے۔ اور وہ خود بھی اپنی نگرانی میں زحمیوں کی دیکھ بھال کروارہی ہیں۔ چیف منسٹر نے جو لوگ بھاگ دوڑ میں مارے گئے ان کے قریبی لواحقین کو 5 لاکھ کی امداد کا اعلان کیا ہے اور جو لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں ان کو ایک لاکھ اور جو لوگ معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں ان کے لیے 50 ہزار روپیوں کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے ٹوئٹ کیا کہ کچھوا کا یہ واقعہ افسوسناک اور المناک ہے۔