قاہرہ ۔ متحدہ عرب امارات ‘ امریکہ اور اسرائیل نے اعلان کیا ہیکہ وہ توانائی کے شعبہ میں ایک مشترکہ حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کرینگے ۔ واضح رہے کہ امریکہ کی کوششوں سے متحدہ عرب امارات نے حال ہی میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس نے اسرائیل کو تسلیم بھی کرلیا ہے ۔ متحدہ عرب امارات ۔ اسرائیل اور امریکہ کے مابین سہ فریقی بات چیت کل یہاں منعقد ہوئی تھی جس میں تینوں ملکوں نے توانائی کے شعبہ میں مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے سے اتفاق کرلیا گیا ہے ۔ بات چیت کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے یہ بات بتائی گئی ۔ امارات کی نیوز ایجنسی وام نے یہ اطلاع دی ۔ بیان تینوں ممالک کے وزرائے توانائی نے جاری کیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ ممالک توانائی کے وسائل ‘ ٹکنالوجی اور متعلقہ انفرا اسٹرکچر کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرینگے ۔ اس کے علاوہ یہ ممالک ان امور میں فلسطینی عوام کو ہونے والی دشواریوں کو دور کرنے کیلئے بھی کوششیں کرینگے ۔ فلسطینی عوام کو توانائی کے جو چیلنجس درپیش ہیں ان کو دور کرنے کیلئے اس بیان میں مشترکہ جدوجہد کرنے کا اشارہ دیا گیا ہے ۔