توانگ میں زخمی چھ جوانوں کو گوہاٹی کےفوجی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا

   

گوہاٹی: اروناچل پردیش کے توانگ میں 9 دسمبر کو چینی پیپلز لبریشن آرمی کے ساتھ جھڑپ کے دوران زخمی ہونے والے ہندوستانی فوج کے چھ فوجیوں کو گوہاٹی کے واششٹ میں واقع فوج کے 151 بیس ہاسپٹل میں ہوائی جہاز سے لے جایا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ زخمی جوانوں کو 9 دسمبر دوپہر کو توانگ سے ہوائی جہاز سے علاج کے لیے گوہاٹی لایا گیا۔واضح رہے کہ 9 دسمبر کو اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق اس دوران دونوں ممالک کے فوجی زخمی ہوئے ۔ پی ایل اے کے دستوں نے 9 دسمبر کو توانگ سیکٹر میں ایل اے سی کو عبور کیا تھا۔ اس دوران ہندوستانی فوجیوں نے ان کا مضبوطی اور عزم کے ساتھ مقابلہ کیا۔ آمنے سامنے دونوں طرف سے کچھ اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ اس کے بعد دونوں فریق فوراً پیچھے ہٹ گئے ۔دریں اثنا مشرقی لداخ میں جھڑپ کے بعد ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان یہ پہلی مبینہ جھڑپ ہے ۔