توجہ ہٹانے پاکستان پر ہندوستانی حملے کا اندیشہ ، چینی فوج بدستور سرگرم

,

   

ہندوستان سرحد پر ناکامی چھپانے غلط اقدام کرسکتا ہے: قریشی ۔ ایل اے سی کے پاس 10 ہزار چینی فوجی

اسلام آباد ؍ نئی دہلی : پاکستان نے نئی دہلی میں اپنے ہائی کمیشن کے اسٹاف کو نصف تک گھٹادینے سے متعلق ہندوستانی بیان کے ایک روز بعد کہا ہیکہ ہندوستان ان کے ملک پر خواہ مخواہ حملہ کرسکتا ہے تاکہ چین کے ساتھ اس کے سرحدی تنازعہ سے اس کے اپوزیشن کی توجہ ہٹ جائے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ’جیو پاکستان‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا موڈ واضح ہے اور وہ چین کے ساتھ اپنے سرحدی تنازعہ پر مرکز توجہ کو پاکستان کی طرف مبذول کرنا چاہتا ہے۔ دوسری طرف انڈیا اور چین سرحد پر کشیدگی کو گھٹانے کیلئے کئی دنوں سے بات چیت کے دور منعقد کررہے ہیں لیکن اس تمام عرصہ میں چین نے حقیقی خط قبضہ (ایل اے سی)کے پاس فنگر ایریا کے بشمول وسیع علاقہ میں فوج کی تعیناتی میں اضافہ جاری رکھا ہوا ہے۔ چینی آرمی نے 4 مئی سے مشرقی لداخ سیکٹر میں ایل اے سی کے پاس اپنی فوج کی موجودگی میں اضافہ شروع کیا اور اب تک 10 ہزار سے زائد فوجیوں کو بھاری آرٹیلری، بکتربند ریجیمنٹس اور ڈیفنس بیاٹریز کے ساتھ تعینات کردیا ہے۔ پاکستانی وزیرخارجہ قریشی نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان عین ممکن ہے پاکستان کے خلاف جھوٹا فلیگ آپریشن چھیڑ سکتا ہے لیکن انہوں نے اپنے ریمارک کی وضاحت نہیں کی اور کوئی دلائل نہیں دیئے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو گلوان وادی میں چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ میں 20 ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت پر اندرون ملک شدید تنقیدوں کا سامنا ہے۔ ہندوستانی اپوزیشن سوالات اٹھا رہے ہیں اور ان کی حکومت جواب دینے سے قاصر ہے۔ قریشی نے ہندوستان کو متنبہ کیا کہ ان کے ملک پر کسی بھی قسم کے حملے سے باز رہے اور کہا کہ اگر نئی دہلی کوئی غلط مہم جوئی شروع کرے تو پاکستان بھرپور قوت کے ساتھ جواب دے گا۔

لداخ سرحد پر چینی فوج کے اجتماع کے بارے میں ایک ذریعہ نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ پان گانگ سو جھیل کے پاس فنگر ایریا میں چینیوں نے ملٹری سرگرمیوں میں شدت پیدا کر رکھی ہے۔ ان کے دستوں کی تعیناتی بڑھتی جارہی ہے اور تعمیراتی کام بھی جاری ہے۔ فنگر 8 تک کے علاقوں پر ہندوستان اپنا دعویٰ پیش کرتا ہے لیکن حالیہ جھڑپ کے دوران چینی دستوں نے ہندوستانی فوج کو فنگر 4 سے آگے پٹرولنگ کرنے سے روک دیا۔ ذرائع نے کہا کہ چین کی طرف سے جارحانہ کوشش ہورہی ہیکہ فنگرایریا میں نئے علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لیا جائے۔ گلوان وادی دریا کے علاقہ میں چین نے حالیہ جھڑپ کے بعد بعض تعمیرات کئے ہیں۔