توجہ ہٹاکر تاجر کو لوٹنے والی ٹولی گرفتار

   

حیدرآباد ۔17جون ( سیاست نیوز) توجہ ہٹاکر ایک تاجر کو لوٹنے والی چار رکنی ٹولی کو پولیس سائبرآباد نے گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر مسٹر اشوک چکراورتی نے بتایا کہ 25 ٹن پلاسٹک دانا کو لوٹنے والے چار افراد 35سالہ کمار پرمود ساکن بنڈلہ گوڑہ جاگیر ، متوطن بہار ، 41سالہ سندیپ کمار بیڈ ساکن مائیلاردیوپلی متوطن راجستھان ، 34سالہ ٹھاکر دھیرج سنگھ ساکن مانصاحب ٹینک کو گرفتار کرلیا ۔ 14 جون کو اس ٹولی نے شکایت گذار شخص جو دھرماپوری ٹاملناڈو علاقہ کا ساکن ہے اس کی توجہ ہٹاکر اس کے قبضہ سے بڑی مقدار میں تقریباً 25 ٹن پلاسٹک دانے کو لوٹ لیا ۔ اس کی مالیت 23 لاکھ 20ہزار 175روپئے بتائی گئی ہے ۔ مائیلاردیوپلی پولیس نے شکایت پر فوری اقدام کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کیا اور مسرقہ سامان کیساتھ انہیں گرفتار کرلیا ۔