حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جو خواتین کی توجہ ہٹاکر اُن کے طلائی زیورات اور نقد رقومات لوٹ رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ 64 سالہ بی راملو خود کو ’کویا دورا‘ (تانترک) ظاہر کرتے ہوئے خواتین کو ٹھگ رہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ دھوکہ باز نے آج دوپہر ہستناپورم اندرا پرستا کالونی میں ویرا لکشمی نامی ایک خاتون کے مکان پہونچ کر اُس کے طلائی زیورات کو دوگنا کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے طلائی چین وغیرہ کو اُس کے کشکول میں ڈالنے کو کہا۔ کچھ ہی دیر میں توجہ ہٹاکر ڈھونگی تانترک طلائی زیورات کے ساتھ فرار ہوگیا۔ اِس واقعہ کے بعد ویرا لکشمی نے چیخ و پکار شروع کردی اور فوری پولیس کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا۔ ایل بی نگر پولیس کی ٹیم نے ڈھونگی تانترک کو اندرون 6 گھنٹے گرفتار کرتے ہوئے اُس کے قبضہ سے 6 گرام وزنی طلائی زیورات برآمد کرلئے۔