اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خاں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ ٹوکیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت کی سماعت وقفہ کے بعد دوبارہ شروع ہوئی۔دوران سماعت پراسیکیوٹر نے کہا ملزمین نے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے لیے تاخیری حربے استعمال کیے ،ہم ٹرائل کورٹ کے حوالے سے بھی ملزمین کا رویہ ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں، عدالت جوبھی فیصلہ کرے لیکن میڈیاپرپہلے سے ہے کہ ضمانت منظور ہوجائے گی۔ جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا میڈیا کو چھوڑ دیں ان سے خود کو مستثنیٰ کرلیں، میڈیا میں کہا جاتا ہے جان کر بیمار ہوگیا، جان کر نہیں آیا۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا بلغاری سیٹ توشہ خانہ میں جمع ہی نہیں کرایا گیا، ریاست کے تحفے کی کم قیمت لگاکرریاست کونقصان پہنچایاگیا۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ دونوں نے فائدہ اٹھایا۔ جسٹس گل حسن نے سوال کیا عمران خان کو کیسے فائدہ ہوا؟ تو ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا جب بیوی کو فائدہ ملا تو شوہرکا بھی فائدہ ہوا۔ جس پر جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا او پلیز، میری بیوی کی چیزیں میری نہیں ہیں۔ہم پتہ نہیں کس دنیامیں ہیں، گزشتہ حکومت توشہ خانہ کی تفصیلات نہیں بتاتی تھی، ہم پوچھتے تھے توتوشہ خانہ کی تفصیلات چھپائی جاتی تھیں۔