حیدرآباد۔ سدی پیٹ ضلع کے کلکٹر پی وینکٹ رام ریڈی تلنگانہ ہائی کورٹ میں شخصی طور پر حاضر ہوئے تاکہ توہین عدالت کے معاملہ میں انہیں دی گئی تین ماہ کی سزا کو ختم کرنے کی درخواست پر سماعت ہو۔ کلکٹر عدالت کی ورچول سماعت کے دوران پیش ہوئے اور مقررہ وقت پر عدم حاضری کیلئے معذرت خواہی کی۔ ایڈوکیٹ جنرل بی اسی پرساد نے عدالت سے درخواست کی کہ سزا پر حکم التواء جاری کریں لیکن چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجے سین ریڈی نے کہا کہ وہ اس معاملہ کی 8 اپریل کو سماعت کریں گے۔ انہوں نے کلکٹر اور دیگر دو عہدیداروں کو کسی بھی راحت سے انکار کیا۔ ڈیویژن بنچ نے مقدمہ کی سماعت کے موقع پر کلکٹر کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔ ملنا ساگر ذخیرہ آب کے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کے مسئلہ پر سنگل جج کے احکامات کی خلاف ورزی پر کلکٹر کو سزا سنائی گئی ہے۔ وینکٹ رام ریڈی کے علاوہ آر ڈی او جئے چندرا ریڈی اور آئی اے ایس عہدیدار کرشنا بھاسکر کو سزا سنائی گئی تھی۔