حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس کے لکشمن نے نلگنڈہ کے کٹنگور پولیس اسٹیشن سب انسپکٹر وجئے کمار کو عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی پر تین ماہ کی قید اور 2 ہزار روپئے جرمانہ کی سزا سنائی ۔ دو شہریوں نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرکے توہین عدالت کی شکایت کی گئی اور کہا گیا کہ کٹنگور پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاوز آفیسر اور سب انسپکٹر ان کی اراضی میں مداخلت کررہے ہیں۔ سروے نمبر 902 کے تحت 2 ایکر 12 گنٹے اراضی پر کاشت کی جاتی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اراضی سے متعلق سیول مقدمہ میں دو افراد کی ملکیت کی دعویداری کو مقامی عدالت نے مسترد کردیا اور ہائی کورٹ نے اس فیصلہ کو برقرار رکھا۔ درخواست گذاروں نے شکایت کی کہ سب انسپکٹر نے بعض افراد کی ملی بھگت سے دھمکی آمیز فون کالس کئے جنہیں ریکارڈ کرلیا گیا۔ اس نے اراضی کا سروے کرانے کی دھمکی دی۔ عدالت نے تمام دستاویزات اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد اراضی معاملہ میں غیر ضروری مداخلت پر سب انسپکٹر کو سزا سنائی۔ عدالت نے سرکل انسپکٹر کو انتباہ دیا کہ وہ اس طرح کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی نہ کریں۔