توہین عدالت کے جرم میں ہائی کورٹ سے دو عہدیداروں کو قید کی سزا،ملنا ساگر پراجکٹ کے متاثرین کو معاوضہ کی عدم ادائیگی،

   

توہین عدالت کے جرم میں ہائی کورٹ سے دو عہدیداروں کو قید کی سزا،ملنا ساگر پراجکٹ کے متاثرین کو معاوضہ کی عدم ادائیگی، عدالت کے عبوری احکامات کی خلاف ورزی پرآر ڈی او اور تحصیلدار کو دو ماہ کی قید

حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے توہین عدالت کے جرم میں دو عہدیداروں کو جیل کی سزا سنائی ہے۔ گجویل کے آر ڈی او وجیندر ریڈی اور کونڈا پاکا کے تحصیلدار پربھا کو ہائی کورٹ نے دو ماہ جیل کی سزا سنائی ہے۔ ان دونوں کو فی کس 2 ہزار روپئے جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ملنا ساگر پراجکٹ کیلئے جن افراد سے اراضیات حاصل کی گئیں انہیں معاوضہ ادا کئے بغیر پراجکٹ کے تعمیری کاموں کو انجام نہ دینے کی ہائی کورٹ نے ہدایت دی تھی لیکن دونوں عہدیداروں نے ہدایت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کاموں کو جاری رکھا جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ کالیشورم پراجکٹ کے حصہ کے طور پر ملنا ساگر پراجکٹ تعمیر کیا جارہا ہے اور حکومت نے اس کیلئے اراضی حاصل کی تھی۔ پرگناپور منڈل کے تپارم علاقہ سے تعلق رکھنے والی اراضیات کو حاصل کیا گیا تھا ۔ اس طریقہ کار کوچیلنج کرتے ہوئے تین افراد نے ہائی کورٹ کا سہارا لیا۔ انہوں نے شکایت کی کہ مناسب معاوضہ ادا کئے بغیر ہی اراضیات حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے اس غیر قانونی طریقہ کار کو فوری روکنے کیلئے عدالت سے درخواست کی۔ہائی کورٹ نے سماعت کے بعد معاوضہ کی ادائیگی کے بعد ہی کام انجام دینے کیلئے عبوری احکامات جاری کئے تھے۔ سماعت کی تکمیل تک یہ احکامات برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن عہدیداروں نے عبوری احکامات کی پرواہ کئے بغیر راتوں رات اراضیات کو حاصل کرلیا جس پر تینوں افراد دوبارہ عدالت سے رجوع ہوئے اور نئی درخواست داخل کی۔ عدالت نے عہدیداروں کے رویہ پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے دونوں کو جیل کی سزا کا فیصلہ سنایا ہے۔