نظام آباد میں ملزم کے ہاتھوں کانسٹبل کے قتل واقعہ پر سنسنی ، محکمہ پولیس شہید پرمود کے خاندان کیساتھ کھڑا ہے،کسی بھی ملزم کو بخشا نہیں جائیگا : پولیس کمشنر
نظام آباد:18؍ اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد سی سی ایس کے کانسٹیبل ای۔ پرمود کے قتل کے دلخراش واقعہ پر پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ملزموں کے علاوہ ان کے پسِ پردہ افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ میں گردش کر رہی چند غلط اور بے بنیاد خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔کمشنر نے بتایا کہ گاڑی چوری اور چین اسنیچنگ جیسے مقدمات میں ملوث پرانے مجرموں کی گرفتاری کے لیے سی سی ایس پولیس اسٹیشن کی جانب سے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ جمعہ کی شب اسی ٹیم کے ساتھ سب انسپکٹر بھیم راؤ اور کانسٹیبل پرمود ملزم شیخ ریاض کو گرفتار کرتے ہوئے پولیس سٹیشن منتقل کر رہے تھے۔ اسی دوران ریاض نے چاقو سے حملہ کر کے پرمود کو شدید زخمی کردیا جس کے باعث وہ جاں بحق ہوگئے۔سائی چیتنیا نے کہا کہ پولیس محکمے کے ایک فرض شناس اور ایماندار اہلکار کی اس طرح ہلاکت نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ میڈیا غیر مصدقہ اور بے بنیاد باتوں کو نشر نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس محکمہ شہید کانسٹیبل پرمود کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک موقع پر میڈیا اور عوام دونوں انسانی ہمدردی کے تحت متاثرہ خاندان کا حوصلہ بڑھائیں۔ سائی چیتنیا نے بتایا کہ حملے کے وقت پولیس نے زخمی کانسٹیبل کو اسپتال پہنچانے کی کوشش کی، مگر افسوس کہ موقع پر موجود لوگوں میں سے کوئی مدد کے لیے آگے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ جب پولیس مدد کے لیے آٹو رکشہ روکنے کی کوشش کر رہی تھی تو بھی کسی نے تعاون نہیں کیا بلکہ لوگ صرف تصویریں اور ویڈیوز لیتے رہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی عام شخص کے ساتھ بھی ایسا واقعہ پیش آتا تو ہر شہری کا فرض بنتا کہ وہ مدد کے لیے آگے آئے۔ سماج میں ہمدردی اور انسانیت کا جذبہ زندہ رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس دن رات عوام کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہے، کئی جرائم پر قابو پایا گیا ہے اور متعدد مجرموں کو قانون کے حوالے کیا گیا ہے۔کمشنر نے کہا کہ کانسٹیبل پرمود ایک مجرم کو گرفتار کرنے کی کارروائی میں اپنی جان گنوا بیٹھے۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آور ریاض موقع سے فرار ہوگیا مگر اسے پکڑنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سائی چیتنیا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کی مدد کریں اور انسانی ہمدردی کے تحت کسی بھی ضرورت مند کی مدد کرنے کا جذبہ پیدا کریں۔ کیونکہ انسانیت کا یہی رویہ کبھی نہ کبھی خود ہمارے کام آتا ہے۔