تکنیکی خرابی ‘ ایئر انڈیا کی سنگاپور فلائٹ دہلی واپس

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔15؍جنوری ( ایجنسیز )سنگاپور جانے والی ایئر انڈیا کی ایک پرواز کو تکنیکی خرابی کے باعث جمعرات کی علی الصبح واپس قومی دارالحکومت دہلی لوٹنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے میں اے پی یو (آکزیلیری پاور یونٹ) میں آگ سے متعلق وارننگ موصول ہوئی جس کے بعد احتیاطی تدبیر کے طور پر پائلٹس نے پرواز کو واپس دہلی لانے کا فیصلہ کیا۔ اس پرواز میں تقریباً 190 مسافر سوار تھے۔ایئر انڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ دہلی سے سنگاپور جانے والی پرواز AI.2380 نے 14 جنوری کو اڑان بھری تھی تاہم ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد ممکنہ تکنیکی مسئلے کے پیش نظر واپس لوٹ آئی۔ طیارہ بحفاظت دہلی ایئرپورٹ پر اتارا گیا جہاں گراؤنڈ ٹیموں نے مسافروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کیں۔ بعد ازاں مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے سنگاپور روانہ کیا گیا۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق پرواز تقریباً ایک گھنٹہ فضا میں رہی اور رات ایک بجے کے قریب دہلی میں لینڈ کی۔ترجمان نے غیر متوقع صورتحال کی وجہ سے مسافروں کو ہونے والی زحمت پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ Flightradar24.com پر دستیاب معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ پرواز تقریباً ایک گھنٹہ تک ہوا میں رہی اور جمعرات کی صبح تقریباً ایک بجے واپس لینڈ ہوئی۔