بنکاک: دارالحکومت بنکاک سے جنوب مشرق میں واقع چونبوری صوبے میں جمعے کی اولین ساعتوں میں ایک نائٹ کلب میں آگگ لگنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام متاثرین تھائی شہری تھے۔تھائی لینڈ کے وزیر اعظم پرایوتھ چان اوچھا نے تمام متاثرہ کنبوں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں تمام تفریحی مقامات اور عمارتوں میں ہنگامی باہر نکلنے کے دروازوں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔چونبوری صوبے کے ایک اعلیٰ پولیس اہلکار ووٹی پونگ سوم ڑئی نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ یہ سانحہ دارالحکومت بنکاک سے تقریبا ً150 کلومیٹر دور سٹاہپ ضلعے میں ماونٹین بی نامی نائٹ کلب میں پیش آگیا۔انہوں نے بتایا کہ آگگ صبح تقریباً ایک بجے لگی۔ آگگ لگنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے۔امدادی عملے کی طرف سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نائٹ کلب میں جشن منانے والے افراد چیختے چلاتے اور بدحواس حالت میں کلب سے باہر بھاگ رہے ہیں۔ ان کے کپڑوں میں آگگ لگی ہوئی تھی جب کہ پس منظر میں بھی آگ کے شعلے اٹھتے دیکھے گئے۔