تھائی لینڈ اور ملائیشیا کے ویٹ لفٹرز ٹوکیو اولمپک سے معتوب

   

پیرس۔5اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) تھائی لینڈ اور ملائیشیا کے ویٹ لفٹرزکو ڈوپنگ کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے 2020 ٹوکیو اولمپک میں حصہ لینے سے معتوب کر دیا گیا ہے ۔انڈیپینڈنٹ ممبر فیڈریشنز سیکشنز پیانل نے ہفتہ کو یہ اعلان کیا۔ تھائی ایمیچور ویٹ لفٹنگ ایسو سی ایشن اور ملائیشیا ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کو اس کیساتھ ہی بالترتیب تین سال اور ایک سال کیلئے بین الاقوامی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے رکن کے طور پر معطل کر دیا گیا ہے ۔پیانل نے کہا کہ تھائی لینڈ۔ملائیشیا کے ویٹ لفٹرزپر ٹوکیو اولمپک میں حصہ لینے پر عائدپابندی اولمپک کے پروگرام میں تبدیلی کے باوجود بنی رہے گی۔ ٹوکیو اولمپک کوکورونا وائرس کی وجہ سے 2021 تک ملتوی کر دیا گیا ہے ۔تھائی لینڈ کے نو ویٹ لفٹرز ڈوپنگ میں 2018 عالمی چمپئن شپ میں مثبت پائے گئے تھے جس کے بعد تھائی لینڈ نے خود کو ٹوکیو اولمپک سمیت بین الاقوامی مقابلوں سے ہٹا لیا تھا۔ کسی بھی تھائی ویٹ لفٹرنے خود کو معطل کرنے کے بعد بین الاقوامی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے اولمپک کوالیفکیشن میں حصہ نہیں لیا ہے ۔پیانل نے کہا کہ پابندی کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ یا ملتوی کئے گئے بین الاقوامی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے ٹورنامنٹوں کی مدت میں شروع نہیں ہوگی ۔ پیانل نے کہا کہ تھائی لینڈ پر پابندی 7 مارچ 2022 تک جاری رہے گی اور اس تاریخ کو یا اس کے بعد یہ پابندی تبھی ہٹا دی جائے گی جب تھائی لینڈ مقرر معیارات کو پورا کرے گا۔ملائیشیا میں اس کے تین ویٹ لفٹرزکو ایک کیلنڈر سال میں ڈوپنگ کیلئے قصوروار پائے جانے کے بعد پابندی عائد کی گئی ہے ۔ اگر ملائیشیا ڈوپنگ روکنے کیلئے مقرر پیرامیٹرز پر عمل کرتا ہے تو اس پر عائد پابندی اس سال چار اکتوبر کو ہٹ سکتی ہے ۔پیانل نے کہا کہ دونوں فیڈریشنوں کے پاس کھیل ثالثی عدالت میں اپیل کرنے کیلئے ایک اپریل کے بعد سے 21 دن کا وقت رہے گا۔