تھائی لینڈ میں بڑی کرین ٹرین پر گرنے سے 30 افراد ہلاک

,

   

Ferty9 Clinic

بنکاک 14.جنوری (ایجنسیز) تھائی لینڈ کے شمال مشرقی صوبے نخون رتچاسیما میں آج ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں ایک زیر تعمیر ریلوے منصوبے کی تعمیر کے دوران ایک بڑی کرین اچانک چلتی ہوئی مسافر ٹرین پر گر گئی۔ اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک جبکہ درجنوں مسافر شدید زخمی ہو گئے۔حکام کے مطابق یہ ٹرین دارالحکومت بنکاک سے صوبہ اوبون رتچاتھانی کی جانب جا رہی تھی کہ اچانک بلند ریلوے ٹریک پر کام کے دوران کرین توازن کھو بیٹھی اور براہِ راست ٹرین پر آ گری۔ ٹکر کے فوراً بعد ٹرین کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور آگ بھڑک اٹھی، جس سے نقصان کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔صوبے کے گورنر کے مطابق ٹرین میں موجود تقریباً 171 مسافروں میں سے چار تاحال لاپتہ ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں حادثے کے کئی گھنٹے بعد تک ملبے میں تلاش کا کام کرتی رہیں۔ جائے حادثہ سے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ الٹی ہوئی بوگیوں میں بڑے شگاف پڑ چکے ہیں اور کرین کے ٹوٹے ہوئے حصے پٹری کے ساتھ بکھرے ہوئے ہیں۔یہ حادثہ ایک بڑے تھائی۔چینی ہائی اسپیڈ ریلوے منصوبے کے تحت زیر تعمیر بلند ریلوے حصے پر پیش آیا، جس کا مقصد تھائی لینڈ کو ہمسایہ ممالک کے ذریعے چین سے جوڑنا ہے۔ اس منصوبے پر اربوں بات کی لاگت آ رہی ہے اور اسے خطے میں سفری اور تجارتی روابط کیلئے انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔وزیرِ ٹرانسپورٹ نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام نے عندیہ دیا ہے کہ ٹھیکیدار کمپنی اور منصوبے کی نگرانی کرنے والے اداروں کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔