تھائی لینڈ میں سیاسی پارٹی کو تحلیل کرنے کی عرضداشت پر سماعت

   

بنکاک ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پارٹی کو تحلیل کرنے والی ایک عرضداشت پر سماعت کرے گی جس نے شہزادی اوبول رتنا کو ملک کی وزیراعظم بنانے کیلئے انتخابات لڑنے کی پیشکش کی تھی۔ یاد رہیکہ تھائی رکشا چارٹ پارٹی نے گذشتہ جمعہ کو شہزادی اوبول رتنا کو انتخابی امیدوار بنانے کا اعلان کرتے ہوئے تہلکہ مچا دیا تھا کیونکہ 1932ء میں تھائی لینڈ میں آئینی بادشاہت کے قیام کے بعد یہ پہلا واقعہ تھا کہ شاہی خاندان کے کسی فرد کو انتخابات لڑنے کی پیشکش کی گئی تھی۔ بہرحال اوبول رتنا کے بھائی جو تھائی لینڈ کے طاقتور اور بااختیار بادشاہ ہیں، نے اپنی بہن کے سیاسی عزائم کو یہ کہہ کر سرد کردیا کہ شاہی خاندان سیاست سے بالاتر ہے اور شاہی خاندان کاکوئی بھی فرد انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا کیونکہ یہ شاہی خاندان کی روایت کے مغائر ہے۔